مغربی بنگال میں اسمبلی انتخابات کے دوسرے اور آخری مرحلے کے تحت آج 142 اسمبلی نشستوں پر ووٹنگ جاری ہے۔ پولنگ کا عمل مقررہ وقت کے مطابق صبح 7 بجے شروع ہوا اور شام 6 بجے تک جاری رہے گا۔ اس مرحلے میں تقریباً 3.21 کروڑ ووٹرز 1448 امیدواروں کی سیاسی قسمت کا فیصلہ کریں گے۔
امیدواروں میں 1,228 مرد اور 220 خواتین شامل ہیں۔ مجموعی نشستوں میں سے 107 جنرل زمرے کی ہیں، جبکہ 34 نشستیں درج فہرست ذاتوں (SC) اور ایک نشست درج فہرست قبائل (ST) کے لیے مخصوص ہے۔ جنوبی 24 پرگنہ ضلع کی بھنگر سیٹ پر سب سے زیادہ 15 امیدوار میدان میں ہیں، جبکہ ہگلی ضلع میں سب سے کم پانچ امیدوار ہیں۔
انتخابات کے لیے ریاست بھر میں 41,001 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں اور تمام مراکز پر ویب کاسٹنگ کا انتظام کیا گیا ہے تاکہ شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔ پرامن ووٹنگ کے لیے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، جن کے تحت مرکزی فورسز کی 2407 کمپنیاں تعینات ہیں۔ اس کے علاوہ مغربی بنگال پولیس اور کولکتہ پولیس کے اہلکار بھی ڈیوٹی پر موجود ہیں۔
ادھر انتظامیہ کے مطابق پولنگ کا عمل پرامن طریقے سے جاری ہے اور شہریوں کی بڑی تعداد جوش و خروش کے ساتھ اپنے حقِ رائے دہی کا استعمال کر رہی ہے۔ پولنگ اسٹیشنوں کے اطراف فوج اور نیم فوجی دستے تعینات کیے گئے ہیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔ واضح رہے کہ ووٹوں کی گنتی 4 مئی کو کی جائے گی۔