بنگالورو میں بدھ کے روز ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں شدید بارش کے دوران سرکاری اسپتال کی دیوار گرنے سے7 افراد کی موت ہوگئی۔ مہلوکین میں 3 بچے بھی شامل ہیں۔پولیس کے مطابق یہ حادثہ Bowring and Lady Curzon Hospital کے قریب پیش آیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق متاثرہ افراد بارش اور تیز ہواؤں سے بچنے کے لیے اسپتال کی پرانی باؤنڈری وال کے قریب کھڑے تھے کہ اچانک دیوار زمین بوس ہوگئی۔
حکام کا کہنا ہے کہ واقعہ کے وقت شہر میں پری مون سون بارشیں اور تیز ہوائیں جاری تھیں، جس کے باعث دیوار کمزور ہوکر گر گئی۔ حادثے میں تمام افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں سڑک کنارے کام کرنے والے افراد اور راہگیر شامل بتائے جا رہے ہیں۔ عینی شاہدین نے بتایاکہ ایک پرانی باونڈری وال پر ایک ترپال لگا ہوا تھا۔ بارش سے بچنے کیلئے مقامی افراد اور دیگر لوگ جمع ہوگئے۔ اسی دوران دیوار گر گئی۔ دیوار گرنے سے اطراف کے علاقے میں بھی کافی نقصان ہوا جبکہ ملبہ ہٹانے کے لیے فوری طور پر ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کی گئیں۔
مقامی انتظامیہ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے دیوار کی تعمیراتی حالت اور ممکنہ غفلت کے پہلوؤں کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔یہ ایک افسوسناک واقعہ ہے جس نے شہری انفراسٹرکچر اور حفاظتی انتظامات پر سوالات کھڑے کر دیے ہیں، خاص طور پر ایسے مقامات پر جہاں عوام بڑی تعداد میں موجود رہتے ہیں۔
بنگالورو میں منگال کی شام موسم نے ڈرامائی تبدیلی دیکھی گئی۔ شہر کےکئی حصوں میں تیز بارش ہوئی۔ کئی علاقوں میں مسلسل ایک گھنٹے تک موسلادھار بارش ہوئی ۔ کچھ علاقوں میں ژالہ باری کی بھی اطلاع ہے۔ محکمہ موسمیات نے اشارہ دیا ہےکہ اسی طرح کے موسمی حالات اگلے 24 گھنٹوں تک جاری رہ سکتےہیں ۔ گرج چمک کےساتھ طوفانی بارش کا دور ہوسکتا ہے۔ یکم مئی کےبعد بارش کی سرگرمیوں میں ایک مختصر وقفہ ہو سکتا ہے۔
صاف آسمان سے شدید طوفان کی طرف اچانک تبدیلی ایک بار پھربنگالورو کے بڑھتے ہوئے موسمی تبدیلیوں کو نمایاں کرتی ہے۔ جہاں قریبی علاقے منٹوں میں بالکل مختلف حالات کا تجربہ کر سکتےہیں۔
سی ایم اور ڈپٹی سی ایم کادورہ،معاوضہ کا کیا اعلان
کرناٹک کے وزیر اعلیٰ سدارامیا اور نائب وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوکمار نے زخمیوں سے ملاقات کی اور صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے اسپتال کا دورہ کیا۔ وزیر اعلیٰ نے مرنے والوں کے لواحقین کو 5 لاکھ روپے کی ایکس گریشیا کا اعلان کیا۔