آج صبح مہاراشٹر میں پونے آنے والی ایک مسافر ٹرین میں آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا۔ آج صبح جیسے ہی ڈی ایم یو ٹرین داؤنڈ سے پونے کے لیے روانہ ہوئی، اچانک ایک کوچ میں آگ لگ گئی جس سے کوچ کا ایک بڑا حصہ جل کر خاکستر ہوگیا۔ کوچ میں آگ دیکھ کر لوگوں میں خوف وہراس پھیل گیا۔ جیسے ہی کوچ میں بیٹھے مسافروں نے دھواں اٹھتے دیکھا اور آگ کی بو سونگھی تو انہوں نے اپنے طور پر آگ بجھانے کی کوشش کی۔ دیگر مسافروں نے اسٹیشن ماسٹر کو آگ کی اطلاع دی۔ فائر بریگیڈ کے پہنچنے سے پہلے پوری کوچ دھوئیں سے بھر چکی تھی۔
آگ کیسے لگی؟
میڈیا بریفنگ میں ریلوے ترجمان کا کہنا ہے کہ ٹرین کی بوگی میں آگ ایک بِیڑی (اسموکنگ کی اشیاء)کے باعث لگی جو ایک شخص نے کوچ کے قریب رکھی ٹرین کے ڈسٹ بن میں پھینکی تھی۔ آگ لگنے سے کچرا جل گیا اور کوچ دھویں سے بھر گئی۔ جس شخص نے بِیڑی کوڑے دان میں پھینکی وہ کوچ میں ہی بیٹھا تھا۔ ایک شخص نے اسے بیڑی پھینکتے دیکھا۔ اس نے آر پی ایف کو اس شخص کے بارے میں اطلاع دی۔ سخت پوچھ گچھ پر اس شخص نے بیڑی پھینکنے کا اعتراف کرلیا اور پولیس نے اسے حراست میں لے لیا۔ حادثہ صبح 8 بجے کے قریب پیش آیا اور پونے ضلع کے ییوت گاؤں کے قریب کوچ دھوئیں سے بھر گئی۔ واقعے میں کسی جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔
बड़ा हादसा टला। पुणे में दौंड-पुणे डेमू ट्रेन में लगी आग। कोई बड़ा नुकसान नहीं हुआ । pic.twitter.com/40friTrN5d
— Narendra Nath Mishra (@iamnarendranath) June 16, 2025
ایک مسافر بیت الخلا میں پھنس گیا:
ترجمان نے بتایا کہ واقعہ کے وقت ایک شخص بیت الخلا میں پھنسا ہوا تھا۔ دھویں کی وجہ سے اس کا دم گھٹنے لگا تاہم دروازہ توڑ کر اسے باہر نکالا گیا۔ حادثے کا معاملہ داؤنڈ ریلوے پولیس اسٹیشن میں درج کرلیا گیا ہے۔ تحقیقات کے بعد رپورٹ ریلوے حکام کو پیش کی جائے گی۔ جس کوچ میں آگ لگی تھی اسے ٹرین سے الگ کر دیا گیا ہے اور باقی ٹرین کو اپنی منزل کی طرف روانہ کر دیا گیا ہے۔ تمام مسافر محفوظ ہیں۔ تاہم تمام حفاظتی چیکنگ کے بعد ہی ٹرین کو مسافروں کے ساتھ روانہ کر دیا گیا۔