Thursday, April 09, 2026 | 20 شوال 1447
  • News
  • »
  • عالمی منظر
  • »
  • مسجد اقصیٰ :چالیس دن بعد ادا کی گئی با جماعت نماز فجر

مسجد اقصیٰ :چالیس دن بعد ادا کی گئی با جماعت نماز فجر

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: sahjad mia | Last Updated: Apr 09, 2026 IST

مسجد اقصیٰ :چالیس دن بعد ادا کی گئی   با جماعت نماز فجر
اسرائیل نے  جاری ایران جنگ کے دوران گزشتہ 40 دنوں سے مسجد اقصیٰ کو بند رکھا ہوا تھا۔یہاں تک کہ عید کی نماز بھی ادا نہیں کرنے دی گئی ،جسکے بعد  مسلمانوں میں کافی مایوسی اور  غم و غصہ دیکھا گیا۔تاہم اب دوبارہ نمازیوں  کے لیے مسجد اقصی کا در وازہ کھول دیا گیا ہے۔جو کہ مسلمانوں کے لیے خوشی کی خبر ہے۔
 
لیکن مسجدِ اقصیٰ کی بحالی کے باوجود نمازیوں کے لیے سخت پابندیاں برقرار رکھی گئی ہیں اور مقامی فلسطینیوں کے داخلے کو محدود کیا گیا ہے،اس کے برعکس اسرائیلی حکام کی جانب سے صہیونی آبادکاروں کو مسجدِ اقصیٰ کے احاطے میں داخلے کے لیے زیادہ وقت اور سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
 
خیال رہے کہ تقریباً 60 سال بعد پہلی بار مسجد اقصیٰ میں عید کی نماز پر پابندی عائد کر دی گئی تھی۔ فلسطینیوں نے اس پابندی کے باوجود مسجد اقصیٰ میں عید اور دیگر نمازیں پڑھنے کی کوشش کی، لیکن اسرائیلی فورسز نے طاقت کا استعمال کر کے نمازیوں کو روک دیا۔خانہ کعبہ اور مسجد نبوی کے بعد مسجد اقصیٰ مسلمانوں کی تیسری سب سے مقدس جگہ ہے۔ اسی وجہ سے مسجد اقصیٰ کے بند ہونے پر دنیا بھر کے مسلمانوں کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آتا رہاہے۔
 
واضح رہے کہ 28 فروری کو اسرائیل نے مسجد کو بند کردیا تھا ۔ حتیٰ کہ رمضان المبارک اورعید کی نماز ادا کرنے کی بھی اجازت اسرائیلی حکام کی جانب سے نہیں دی گئی ۔مارچ کے آخری ہفتے میں سعودی عرب سمیت آٹھ مسلم ممالک نےایک مشترکہ اعلامیے میں مقبوضہ بیت المقدس میں مسلمانوں اور مسیحوں کی عبادت گاہوں کی آزادی پر اسرائیل کی جانب سے عائد مسلسل پابندیوں کی شدید  مذمت کی گئی تھی اور اسے اشتعال انگیز اقدام قرار دیا تھا اور پابندیوں کو ہٹانے کا مطالبہ کیا تھا۔