تمل ناڈو میں اسمبلی انتخابات کے لیے کل ووٹ ڈالے جائیں گے، جبکہ مغربی بنگال میں بھی کل پہلے مرحلے کے تحت پولنگ ہوگی۔ مغربی بنگال اسمبلی انتخابات دو مرحلوں میں 23 اور29 اپریل کو منعقد ہوں گے۔ تمل ناڈو میں انتخابی مہم کا آج آخری دن ہے اور شام پانچ بجے کے بعد انتخابی سرگرمیاں مکمل طور پر ختم ہو جائیں گی۔ آخری دن تمام سیاسی جماعتوں کے سرکردہ قائدین ووٹروں کو اپنی جانب متوجہ کرنے کے لیے بھرپور کوششیں کر رہے ہیں۔
حکمراں اتحاد کی قیادت کرنے والی جماعت ڈی ایم کے کے لیے چیف منسٹر ایم کے اسٹالن اور ڈپٹی چیف منسٹر کے علاوہ کانگریس اور سی پی آئی کے اہم رہنما بھی مہم میں سرگرم ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ عام آدمی پارٹی کے قومی کنوینر اروند کیجریوال نے بھی انتخابی مہم میں حصہ لیا ہے۔
دوسری جانب بی جے پی اور دیگر اپوزیشن جماعتوں کے رہنما بھی آج بھرپور انتخابی مہم چلا رہے ہیں۔ تمل ناڈو کی 234 رکنی اسمبلی کے لیے کل ایک ہی مرحلے میں ووٹنگ ہوگی، جبکہ ووٹوں کی گنتی اور نتائج کا اعلان 4 مئی کو کیا جائے گا۔
اسٹالن کا خطاب
ادھر چیف منسٹر ایم کے اسٹالن نے مہم کے آخری دن عوام سے خطاب کرتے ہوئے اپیل کی کہ وہ سیکولر اتحاد کے امیدواروں کو ووٹ دے کر بھاری اکثریت سے کامیاب بنائیں تاکہ ریاست کی ترقی کا سفر جاری رکھا جا سکے۔ انہوں نے عوام کو بی جے پی کی نفرت انگیز سیاست سے محتاط رہنے کا بھی مشورہ دیا۔