Tuesday, June 16, 2026 | 29 ذو الحجة 1447
  • News
  • »
  • جرائم/حادثات
  • »
  • ماڈل ٹویشا شرما کیس: شوہر اور ساس کی عدالتی تحویل میں 14 دن کی توسیع، سی بی آئی تحقیقات جاری

ماڈل ٹویشا شرما کیس: شوہر اور ساس کی عدالتی تحویل میں 14 دن کی توسیع، سی بی آئی تحقیقات جاری

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: MD Shahbaz | Last Updated: Jun 16, 2026 IST

ماڈل ٹویشا شرما کیس: شوہر اور ساس کی عدالتی تحویل میں 14 دن کی توسیع، سی بی آئی تحقیقات جاری
بھوپال کی ایک عدالت نے سابق ماڈل اوراداکارہ ٹویشا شرما کی موت کے معاملے میں ان کے شوہر سمرتھ سنگھ اور ساس کی عدالتی تحویل میں مزید 14 دن کی توسیع کر دی ہے۔ دونوں پر الزام ہے کہ انہوں نے جہیز کی مانگ کو لے کر ٹویشا کو ذہنی طور پر ہراساں کیا تھا۔
 
ٹویشا شرما کے خاندان کی جانب سے پیش ہونے والے وکیل انکور پانڈے کے مطابق، دونوں ملزمان کو ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے جج شوبھنا بھالوے کی عدالت میں پیش کیا گیا۔ عدالت نے سی بی آئی کی درخواست منظور کرتے ہوئے دونوں کی عدالتی تحویل 30 جون تک بڑھا دی۔ اس وقت دونوں ملزمان بھوپال سینٹرل جیل میں بند ہیں۔
 
12 مئی کو سسرال میں مردہ پائی گئی تھیں ٹویشا
 
33 سالہ ٹویشا شرما 12 مئی کو بھوپال میں واقع اپنے سسرال کے گھر میں پھندے سے لٹکی ہوئی پائی گئی تھیں۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ میں گردن پر پھندے کے نشانات کے ساتھ جسم پر کئی دیگر زخموں کا بھی ذکر کیا گیا تھا۔ ابتدائی تحقیقات میں لاپرواہی کے الزامات سامنے آنے کے بعد اس حساس معاملے کی جانچ سی بی آئی کے سپرد کر دی گئی۔
 
خاندان کا جہیز اور ہراسانی کا الزام
 
ٹویشا کے اہل خانہ کا الزام ہے کہ 9 دسمبر 2025 کو شادی کے بعد ان کے سسرال والے دیے گئے جہیز سے مطمئن نہیں تھے اور مسلسل انہیں ذہنی اذیت دیتے رہے۔ خاندان کے مطابق 12 مئی کی رات 9:41 بجے تویشا نے اپنی والدہ سے فون پر بات کی تھی، جس دوران پس منظر میں ان کے شوہر کی آواز اور چیخ و پکار سنائی دی۔ اس کے کچھ دیر بعد فون کال اچانک منقطع ہو گئی اور بعد میں خاندان کو ٹویشا کی موت کی اطلاع دی گئی۔
 
15 مئی کو درج ایف آئی آر میں شوہر اور ساس کے خلاف جہیز کی مانگ، گھریلو تشدد اور ذہنی ہراسانی کے الزامات عائد کیے گئے تھے۔ اس سے قبل 2 جون کو عدالت نے دونوں ملزمان کو 16 جون تک عدالتی تحویل میں بھیج دیا تھا۔سی بی آئی اب اس پورے معاملے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کر رہی ہے، جبکہ اس کیس نے ملک بھر میں توجہ حاصل کی ہے۔