Tuesday, June 16, 2026 | 29 ذو الحجة 1447
  • News
  • »
  • سیاست
  • »
  • ممتا بنرجی نے بھبانی پور اسمبلی نتائج کو کیا ہائی کورٹ میں چیلنج

ممتا بنرجی نے بھبانی پور اسمبلی نتائج کو کیا ہائی کورٹ میں چیلنج

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Mohammed Imran Hussain | Last Updated: Jun 16, 2026 IST

ممتا بنرجی نے بھبانی پور اسمبلی نتائج کو کیا ہائی کورٹ میں چیلنج
 
 مغربی بنگال کی سابق وزیراعلیٰ اور ترنمول کانگریس کی سپریمو ممتا بنرجی نے منگل کو کلکتہ ہائی کورٹ کا رخ کیا، جس میں بھبانی پور حلقہ کے اسمبلی انتخابات کے نتائج کو چیلنج کیا گیا۔ وہ منگل کی دوپہر کوغیرمتوقع طور پر ہائی کورٹ پہنچی اور بھبانی پور سیٹ پر وزیراعلی سویندو ادھیکاری کی جیت کو چیلنج کرتے ہوئے ایک انتخابی عرضی داخل کی۔
 
ترنمول کانگریس کی انتخابی شکست کے بعد یہ دوسرا موقع ہے جب ممتا ہائی کورٹ گئیں ہیں۔ممتا بنرجی اس سے پہلے 14 مئی کو ہائی کورٹ گئیں تھیں۔ اس وقت سابق وزیراعلیٰ کو وکلاء کے ایک طبقہ کے احتجاج کا سامنا کرنا پڑا ، احتجاجیوں نے ان کے خلاف  نعرے لگائے تھے۔
 
اس واقعہ کے تقریباً ایک ماہ بعد ممتا بنرجی منگل کو دوبارہ ہائی کورٹ میں حاضر ہوئیں۔ ان کے ساتھ ترنمول کانگریس کے  ایم ایل اے کنال گھوش اور پارٹی لیڈر ڈولا سین بھی موجود تھے تاہم وہ کچھ دیر کے لیے ہائی کورٹ میں موجود رہیں  اور عرضی داخل کرنے کے بعد وہاں سے چلی گئیں۔
 
ہائی کورٹ میں موجود بہت سے لوگوں میں اس وقت تجسس بڑھ گیا جب ترنمول لیڈر اچانک عدالت پہنچ گئے۔ بعد میں، ممتا کے وکیلوں میں سے ایک نے کہا کہ ترنمول لیڈر نے بھبانی پور انتخابی نتائج کو لے کر ایک انتخابی عرضی دائر کی ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ انھوں نے اس معاملے پرحلف نامہ داخل کیا تھا۔
 
اس سال کے اسمبلی انتخابات میں ممتا بنرجی کو بھبانی پور میں  بی جےپی امیدوار سویندو ادھیکاری کے ہاتھوں شکست ہوئی تھی۔ سویندو اس وقت کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کو 15000 سے زیادہ ووٹوں سے شکست دے کر ریاست کے نئے وزیر اعلیٰ بنے۔اس بار ممتا  دی دی نے انتخابی نتائج کو چیلنج کرتے ہوئے ہائی کورٹ میں حلف نامہ داخل کیا۔ غور طلب ہے کہ سویندو ادھیکاری نے 2021 کے اسمبلی انتخابات میں بھی نندی گرام حلقہ سے ممتا بنرجی کو شکست دی تھی۔
 
اس وقت بھی ممتا بنرجی نے انتخابی نتائج کو چیلنج کرتے ہوئے الیکشن پٹیشن دائر کی تھی۔ 2021 کا نندی گرام کیس ابھی زیر التوا ہے۔ اس بار ممتا نے 2026 کے بھبانی پور کے نتائج کو چیلنج کرنے کے لیے عدالت سے رجوع کیا۔