Friday, September 11, 2026 | 27 ربيع الأول 1448
  • News
  • »
  • تعلیم و روزگار
  • »
  • بہار: پی جی میڈیکل طلبہ کے لیے بڑا اعلان

بہار: پی جی میڈیکل طلبہ کے لیے بڑا اعلان

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: MD Shahbaz | Last Updated: Sep 11, 2026 IST

بہار: پی جی میڈیکل طلبہ کے لیے بڑا اعلان
بہار حکومت نے ریاست کے سرکاری میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں میں پوسٹ گریجویٹ یعنی پی جی کورسز کرنے والے طلبہ کے لیے بڑا اعلان کیا ہے۔ ریاستی وزیر صحت نشانت کمار کے مطابق پی جی میڈیکل طلبہ کے ماہانہ وظیفے میں نمایاں اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ نئی شرحیں یکم جنوری 2026 سے نافذ ہوں گی۔ وزیر صحت نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ کے ذریعے اس فیصلے کی اطلاع دی۔ ان کے مطابق حکومت کا مقصد پی جی طلبہ کو تعلیم اور طبی تربیت کے دوران بہتر مالی معاونت فراہم کرنا ہے، تاکہ وہ اپنی پیشہ ورانہ تربیت پر زیادہ توجہ مرکوز کر سکیں۔
 
نئی شرح کے مطابق پی جی کے پہلے سال کے طلبہ کو اب ہر ماہ 92,800 روپے Scholarship ملے گا۔ دوسرے سال کے طلبہ کے لیے یہ رقم 1,02,000 روپے ماہانہ جبکہ تیسرے سال کے طلبہ کو 1,12,200 روپے ماہانہ دی جائے گی۔ اس سے قبل پہلے سال کے طلبہ کو 82,000 روپے، دوسرے سال کے طلبہ کو 90,200 روپے اور تیسرے سال کے طلبہ کو 99,220 روپے ماہانہ وظیفہ دیا جا رہا تھا۔ اس طرح نئی شرح کے تحت پہلے سال کے طلبہ کو ماہانہ 10,800 روپے، دوسرے سال کے طلبہ کو 11,800 روپے اور تیسرے سال کے طلبہ کو 12,980 روپے اضافی ملیں گے۔
 
چونکہ نئی شرح یکم جنوری 2026 سے نافذ کی گئی ہے، اس لیے سابقہ اور نئی شرح کے درمیان فرق کی رقم بطور بقایا جات ملنے کی صورت میں طلبہ کو اضافی مالی فائدہ حاصل ہوگا۔ اگر جنوری سے ستمبر 2026 تک نو ماہ کے بقایا جات ادا کیے جاتے ہیں تو پہلے سال کے طلبہ کو تقریباً 97,200 روپے، دوسرے سال کے طلبہ کو 1,06,200 روپے اور تیسرے سال کے طلبہ کو 1,16,820 روپے بقایا رقم مل سکتی ہے۔ تاہم بقایا جات کی حتمی ادائیگی کا انحصار حکومت کی جانب سے جاری ہونے والے سرکاری احکامات اور ادائیگی کے طریقہ کار پر ہوگا۔
 
وزیر صحت نشانت کمار نے کہا کہ وظیفے میں اضافہ پی جی طلبہ کو بہتر مالی مدد فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ریاست میں معیاری طبی افرادی قوت تیار کرنے کی سمت بھی اہم قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کے ساتھ معیاری ڈاکٹروں کی تیاری بھی حکومت کی ترجیح ہے۔ ریاستی حکومت اور محکمہ صحت میڈیکل تعلیم کے معیار، میڈیکل کالجوں کے بنیادی ڈھانچے اور طبی افرادی قوت کو مزید مضبوط بنانے کے لیے کام کر رہے ہیں۔ اس فیصلے سے بہار کے سرکاری میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں میں پی جی تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ کو براہ راست مالی فائدہ پہنچنے کی توقع ہے۔