Thursday, June 19, 2025 | 23, 1446 ذو الحجة
  • News
  • »
  • قومی
  • »
  • واٹلہ ہاؤس علاقے میں فی الحال نہیں چلے گا بلڈوزر، دہلی ہائی کورٹ نے لگائی روک، جانیے ڈی ڈی اے نے کیا کہا؟

واٹلہ ہاؤس علاقے میں فی الحال نہیں چلے گا بلڈوزر، دہلی ہائی کورٹ نے لگائی روک، جانیے ڈی ڈی اے نے کیا کہا؟

Reported By: Munsif TV | Edited By: Sahjad Mia | Last Updated: Jun 14, 2025 IST     

image
دہلی ہائی کورٹ نے بٹلہ ہاؤس علاقے میں انہدام کی مجوزہ کارروائی پر روک لگا دی ہے۔ دہلی ہائی کورٹ نے 11 عرضی گزاروں کو عبوری راحت دی ہے۔ ساتھ ہی دہلی ڈیولپمنٹ اتھارٹی (ڈی ڈی اے) نے ہائی کورٹ میں ان عرضیوں  کی مخالفت کی ہے۔آپ کو بتاتے چلیں کہ دہلی ہائی کورٹ کی جانب سے  یہ عبوری روک اس شرط پر لگائی گئی ہے کہ عرض  گزار سپریم کورٹ میں دائر اپنی عرضی  واپس لینے کے لیے حلف نامہ داخل کریں گے۔ ان 11 عرض  گزاروں میں سے دو کی جائیداد کھسرہ نمبر 279 میں آتی ہے۔ دہلی ڈیولپمنٹ اتھارٹی (ڈی ڈی اے) نے ہائی کورٹ میں ان عرضیوں کی مخالفت کی اور سوال اٹھایا کہ جو لوگ پہلے سپریم کورٹ سے رجوع ہوئے تھے وہ اب ہائی کورٹ میں کیسے آسکتے ہیں۔
 
ڈی ڈی اے کی طرف سے کھسرہ نمبر 279 میں انہدام کی ممکنہ کارروائی پر تشویش:
 
اردو شاعر مظفر حنفی کے خاندان سمیت کئی خاندان بٹلہ ہاؤس کے کھسرہ نمبر 279 میں ڈی ڈی اے کی جانب سے ممکنہ انہدامی کارروائی سے پریشان ہیں۔ مقامی باشندوں کا کہنا ہے کہ انہوں نے یہ زمین دہائیوں پہلے خریدی تھی اور ڈی ڈی اے نے کھسرہ نمبروں کی غلط شناخت کی ہے۔وہیں کچھ عرض  گزاروں نے دعویٰ کیا ہے کہ انہیں انہدام کے حوالے سے کوئی تحریری نوٹس موصول نہیں ہوا تھا اور انہیں صرف زبانی طور پر آگاہ کیا گیا تھا۔ اس کے علاوہ ان کا کہنا تھا کہ 9 جون کو علاقے میں صرف مارکنگ کی گئی تھی۔
 
امانت اللہ کی عرضی کو مسترد کر دیا گیا:
 
بتا دیں کہ اس سے پہلے بدھ کو دہلی ہائی کورٹ نے بٹلہ ہاؤس علاقے میں انہدام کی کارروائی کے خلاف عام آدمی پارٹی کے ایم ایل اے امانت اللہ خان کی طرف سے دائر PIL کو مسترد کر دیا تھا۔ عدالت نے اس عرضی میں کوئی راحت دینے سے انکار کر دیا تھا۔جسٹس گریش کٹھپالیا اور تیجس کریا کی بنچ نے کہا تھا کہ اس طرح کی پی آئی ایل میں عام تحفظ کا حکم پاس کرنے سے انفرادی عرض  گزاروں کے معاملات کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ عدالت کے تبصرے کے پیش نظر عرض گزار کے وکیل نے عرضی  واپس لینے کی اجازت مانگی۔عدالت نے حکم نامے میں کہا کہ عرض  گزار کے وکیل نے پٹیشن واپس لینے کی اجازت مانگی تاکہ عرض  گزار بٹلہ ہاؤس علاقے کے مقامی باشندوں کو ان کے قانونی حقوق کے بارے میں مطلع کر سکے اور وہ مناسب فورم پر تین کام کے دنوں میں اپنی کارروائی دائر کر سکیں۔
 
کالکاجی میں ڈی ڈی اے کا بلڈوزر چلایا گیا:
 
آپ کو بتا دیں کہ دو دن پہلے دہلی کے کالکاجی میں نوٹس کی مدت ختم ہوتے ہی بلڈوزر کی کارروائی شروع کر دی گئی تھی۔ ڈی ڈی اے کے بلڈوزر صبح سویرے پہنچ گئے۔ ہائی کورٹ سے منظوری ملنے کے بعد کالکاجی کے بے زمین کیمپ کی کچی بستی میں 1200 مکانات کو گرانے کی کارروائی شروع کی گئی۔ اس کارروائی کے خلاف مظاہروں سے نمٹنے کے لیے پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی تھی۔ دہلی پولیس کے ساتھ نیم فوجی دستوں کو بھی تعینات کیا گیا تھا۔ ڈی ڈی اے نے تین دن کے اندر گھر خالی کرنے کا نوٹس یہاں چسپاں کیا تھا۔