تلنگانہ کے وزیراعلیٰ اے ریونت ریڈی نےمنگل کو دہلی میں مرکزی وزراء سے ملاقات کی۔ انہوں نے سب سے پہلے مرکزی وزیر صحت و خاندانی بہبود اور کیمیکل و فرٹیلائزرز،( جے پی نڈا) جگت پرکاش نڈا سے ملاقات کی۔اور ریاست تلنگانہ سے متعلق صحت و طبی سہولیات پر ان کے ساتھ گفتگو کی۔ اس کے بعد وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی نے مرکزی وزیر کامرس اینڈ انڈسٹری پیوش گوئل سے ملاقات کی۔
منگل کو وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی نے مرکزی وزیر کیمیکلز اینڈ فرٹیلائزرز، جے پی نڈا سے دہلی میں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ اس موقع پر ریونت ریڈی نے واضح کیا کہ ریاست کو اپریل تا جون کے لیے 5 لاکھ میٹرک ٹن یوریا کی ضرورت تھی، مگر اب تک صرف 3.07 لاکھ میٹرک ٹن ہی فراہم کیا گیا ہے۔ تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ مسٹر اے ریونت ریڈی نے مرکز سے مطالبہ کیا ہے کہ ریاست کو کھاد (یوریا) کی بروقت اور مکمل فراہمی کو یقینی بنایا جائے تاکہ خریف سیزن میں کسانوں کو کوئی دشواری پیش نہ آئے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ریاست میں موسم برسات اور کاشتکاری کے آغاز کے ساتھ کھاد کی طلب میں اضافہ ہو چکا ہے، لہٰذا سپلائی میں کسی قسم کی رکاوٹ نہ پیدا ہونے دی جائے۔ انہوں نے جولائی کے لیے منظور شدہ 1.6 لاکھ میٹرک ٹن یوریا میں سے اب تک صرف 29 ہزار میٹرک ٹن ہی فراہم ہونے پر تشویش ظاہر کی۔
ریونت ریڈی نے مرکز سے درخواست کی کہ گھریلو سطح پر پیدا ہونے والے یوریا کا کوٹہ تلنگانہ کے لیے بڑھایا جائے اور ریلویز کی جانب سے ریک کی سپلائی میں اضافہ کیا جائے تاکہ یوریا کی تیز تر فراہمی ممکن ہو۔

تلنگانہ چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے مرکزی وزیر برائے تجارت اور صنعت پیوش گوئل سےظہیرآباد انڈسٹریل اسمارٹ سٹی (ZISC) کی ترقی میں تعاون کرنے کی درخواست کی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے دہلی کے کامرس بھون میں پیوش گوئل سے ملاقات کی اور ریاست سے متعلق کئی اہم پروجیکٹوں پر تبادلہ خیال کیا۔ ظہیرآباد انڈسٹریل اسمارٹ سٹی کی ترقی کے لیے نیشنل انڈسٹریل کوریڈور ڈیولپمنٹ اینڈ امپلیمینٹیشن پروگرام (NICDIT) کے تحت 596.61 کروڑ کی منظوری دی گئی۔ انہوں نے ظہیر آباد انڈسٹریل اسمارٹ سٹی کے لیے پانی کی فراہمی، بجلی اور دیگر ضروری سہولیات کی فراہمی کے لیے مالی تعاون کی درخواست کی۔
وزیراعلیٰ نے درخواست کی کہ ورنگل ہوائی اڈے کے لیے حیدرآباد۔ورنگل انڈسٹریل کوریڈور کے حصے کے طور پر فنڈز کی منظوری دی جائے۔ انہوں نے مرکزی وزیر کو وضاحت کی کہ حیدرآباد وجئے واڑہ انڈسٹریل کاریڈور کی فزیبلٹی اسٹڈی کی جارہی ہے۔یہ بتاتے ہوئے کہ تلنگانہ حکومت نے ادیی باٹلہ میں جدید ترین انفراسٹرکچر کے ساتھ ایک خصوصی دفاعی اور ایرو اسپیس پارک قائم کیا ہے، چیف منسٹر نے حیدرآباد-بنگلور انڈسٹریل کوریڈور کو ایرو ڈیفنس کوریڈور کے طور پر منظوری دینے کی اپیل کی۔

اس میٹنگ میں ریاست میں تجارتی مواقع، سرمایہ کاری، اور صنعتی ترقی سے متعلق امور پر بات چیت کی گئی۔ان ملاقاتوں کے دوران رکن پارلیمنٹ ڈاکٹر ملو روی، رکن پارلیمنٹ چاملا کرن، اور ریاستی مشیر برائے کھیل جتیندر ریڈی بھی وزیر اعلیٰ کے ہمراہ موجود تھے۔