Wednesday, August 19, 2026 | 04 ربيع الأول 1448
  • News
  • »
  • تعلیم و روزگار
  • »
  • مودی کابینہ کا بڑا فیصلہ: 13,041 کروڑ روپے سے چار ریلوے لائنوں اور چار لین ہائی وے کی منظوری

مودی کابینہ کا بڑا فیصلہ: 13,041 کروڑ روپے سے چار ریلوے لائنوں اور چار لین ہائی وے کی منظوری

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: MD Shahbaz | Last Updated: Aug 19, 2026 IST

مودی کابینہ کا بڑا فیصلہ: 13,041 کروڑ روپے سے چار ریلوے لائنوں اور چار لین ہائی وے کی منظوری
مرکزی کابینہ کے اجلاس کے دوران بنیادی ڈھانچے (انفراسٹرکچر) کو مضبوط بنانے کے لیے 13,041 کروڑ روپے کے کل اخراجات پر مشتمل پانچ بڑے پروجیکٹوں کو منظوری دی گئی ہے۔ ان پروجیکٹوں میں چار اہم ریلوے لائنوں کی توسیع اور ایک چار لین (4-Lane) ہائی وے کی تعمیر شامل ہے۔ مرکزی وزیر اشونی ویشنو نے فیصلوں کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ملک کے ریلوے نیٹ ورک کے سات اہم ٹرنک روٹس کی صلاحیت کو بڑھانے اور ٹریفک کے دباؤ کو کم کرنے کے لیے یہ اقدامات کیے گئے ہیں۔
 
پروجیکٹوں کی تفصیلات اور اہم نکات:
 
1. کھڑگ پور سے بھدرک چار لین ریل کاریڈور:
 
173 کلومیٹر طویل ریل سیکشن جس کی تخمینہ لاگت 3,352 کروڑ روپے ہے۔یہ راستہ بالاسور اور روپسا سے ہوتا ہوا بھدرک تک پہنچتا ہے۔ منصوبے کے تحت 41 بڑے اور 169 چھوٹے پل بھی تعمیر کیے جائیں گے۔ یہ روٹ کوئلہ اور لوہا پیدا کرنے والے خطوں سے مال بردار گاڑیوں اور ہاوڑہ-چنئی روٹ کی مسافر ٹرینوں کی آمد و رفت کو سنبھالتا ہے۔
 
2. بھدرک سے ہری داس پور ریل لائن (کٹک کے لیے بائی پاس):
 
75 کلومیٹر طویل سیکشن کی تعمیر جس پر 1,533 کروڑ روپے کی لاگت آئے گی۔ اس منصوبے کے تحت کٹک شہر کو ریل بھیڑ اور ٹریفک کے مسائل سے بچانے کے لیے فلائی اوور سٹرکچر ڈیزائن کیا گیا ہے۔ فعال ہونے کے بعد اس سے سالانہ 433 کروڑ روپے کے لاجسٹک اخراجات کی بچت ہوگی اور تعمیراتی مرحلے میں 26 لاکھ روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔
 
3. گممیڈیپنڈی (Gummidipoondi) سے گڈور (Gudur) (آندھرا پردیش - تامل ناڈو سرحد) توسیع
 
90 کلومیٹر طویل ڈبل ٹریکس کو تیسری اور چوتھی لائن کی تعمیر کے ذریعے چار لین کاریڈور میں تبدیل کیا جائے گا۔ اس پر 2,229 کروڑ روپے کی لاگت آئے گی اور اس سے تقریباً 61 لاکھ روزگار کے مواقع پیدا ہونے کی امید ہے۔
 
4. پارادیپ - کٹک ریل سیکشن
 
ہاوڑہ - چنئی مین لائن اور ساحلی تجارتی بندرگاہوں کو جوڑنے والے چوتھے ریل پروجیکٹ کے طور پر پارادیپ-کٹک سیکشن کو بھی منظوری دی گئی ہے جس سے مال بردار ٹریفک کو آسان بنایا جا سکے گا۔
 
5. مظفر پور - سیتامڑھی - چار لین ہائی وے
 
کابینہ نے 3,591 کروڑ روپے کی لاگت سے بہار کے مظفر پور، سیتامڑھی اور سونبرسا کو جوڑنے والی چار لین ہائی وے کی تعمیر کو بھی ہری جھنڈی دکھا دی ہے۔ مرکزی وزیر اشونی ویشنو کے مطابق، ان پروجیکٹوں کی تکمیل سے نہ صرف مال بردار اور مسافر ٹرینوں کی نقل و حمل تیز رفتار اور آسان ہو جائے گی بلکہ خطے میں معاشی سرگرمیوں کو بڑا فروغ ملے گا۔