Saturday, August 23, 2025 | 29, 1447 صفر
  • News
  • »
  • جرائم/حادثات
  • »
  • اتراکھنڈ کے چمولی میں بادل پھٹنے کا واقعہ، ایس ڈی آر ایف کی ٹیم راحت اور بچاؤ کاموں کے لیے جائے حادثہ پر روانہ

اتراکھنڈ کے چمولی میں بادل پھٹنے کا واقعہ، ایس ڈی آر ایف کی ٹیم راحت اور بچاؤ کاموں کے لیے جائے حادثہ پر روانہ

Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: MD Shahbaz | Last Updated: Aug 23, 2025 IST     

image
اتراکھنڈ کے چمولی میں بادل پھٹنے کا واقعہ سامنے آیا ہے۔ چمولی کے تھرالی میں بادل پھٹ گیا ہے۔ اس واقعہ میں 2 افراد کے دبے ہونے کی اطلاع ہے۔ یہ واقعہ رات ایک بجے پیش آیا۔ ایس ڈی آر ایف کی ٹیم راحت اور بچاؤ کاموں کے لیے جائے حادثہ پر روانہ ہو گئی ہے۔ اتراکھنڈ کے وزیر اعلی پشکر سنگھ دھامی نے بھی اس واقعہ پر دکھ کا اظہار کیا ہے۔
 
چمولی کے ڈی ایم سندیپ تیواری نے بتایا کہ کل رات تھرالی تحصیل میں بادل پھٹنے سے کافی نقصان ہونے کا امکان ہے۔ بادل پھٹنے سے کافی ملبہ آ گیا ہے جس کی وجہ سے ایس ڈی ایم کی رہائش گاہ سمیت کئی مکانات مکمل طور پر تباہ ہو گئے ہیں۔ ایس ڈی ایم کی رہائش گاہ بھی چار فٹ ملبے سے بھری ہوئی ہے۔
 
اے ڈی ایم وویک پرکاش نے کہا کہ تھرالی میں بادل پھٹنے سے کافی نقصان ہوا ہے۔ ملبے سے ایک 20 سالہ لڑکی اور ایک بزرگ لاپتہ ہونے کی اطلاع ہے۔ دونوں کے ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔ ان کی تلاش جاری ہے۔ تھرالی اور گردونواح میں موسلادھار بارش سے ملبہ آ گیا ہے۔

انتظامیہ راحت اور بچاؤ کے کاموں میں مصروف:

چمولی پولیس نے بتایا کہ کل رات تھانہ تھرالی علاقے میں شدید بارش کی وجہ سے نظام زندگی متاثر ہوا۔ صورتحال کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے تھانہ تھرالی پولیس نے رات ہی میں بروقت کارروائی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اہل علاقہ کو الرٹ کیا اور انہیں ان کے گھروں سے محفوظ مقامات پر منتقل کیا۔
 
دوسری طرف اتراکھنڈ ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے سکریٹری ونود کمار سمن نے بتایا کہ چمولی ضلع کے تھرالی میں بادل پھٹنے سے ملبہ مکانات، بازار اور ایس ڈی ایم کی رہائش گاہ میں داخل ہو گیا ہے۔ ضلع مجسٹریٹ اور امدادی ٹیم موقع کی طرف روانہ ہو گئی ہے۔ دو افراد کے لاپتہ ہونے کی اطلاع ہے۔

سی ایم دھامی نے فوری مدد کی ہدایات دیں:

اتراکھنڈ کے وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی بھی صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے اس واقعہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ڈیزاسٹر مینجمنٹ ٹیم کو متاثرہ لوگوں کی فوری مدد کرنے کی ہدایت کی ہے۔
 
سی ایم دھامی نے ایکس پر لکھا کہ چمولی ضلع کے تھرالی علاقے میں دیر رات بادل پھٹنے کی افسوسناک خبر موصول ہوئی۔ ضلع انتظامیہ، ایس ڈی آر ایف، پولیس موقع پر پہنچ گئی اور راحت اور بچاؤ کاموں میں مصروف ہے۔ اس سلسلے میں میں مقامی انتظامیہ سے مسلسل رابطے میں ہوں اور میں خود بھی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہوں۔