نئی دہلی: راجدھانی دہلی میں اشوک وہار اور وزیر پور کے درمیان واقع جیلر والا باغ کی کچی آبادیوں کو مسمار کرنے کی کارروائی کی گئی ۔ ڈی ڈی اے نے انہدام کی یہ کارروائی کی۔ اس کارروائی میں 500 سے زائد کچی آبادیوں پر بلڈوزر کارروائی کی گئی ہے۔اس دوران جیلر والا باغ میں پولیس کی بھاری نفری موجود ہے اور پولیس کی اضافی نفری بھی تعینات کی گئی ہے تاکہ کسی قسم کا احتجاج ہو تو کوئی ہنگامہ نہ ہو سکے۔ جیلر والا باغ وہی کچی بستی ہے جہاں پر رہنے والے لوگوں کو پردھان منتری آواس یوجنا کے تحت اشوک وہار میں فلیٹ دیئے گئے تھے۔ اب ان کچی آبادیوں کے علاقے کو مکمل طور پر خالی کرانے کی کارروائی کی جا رہی ہے۔یاد رہے کہ دارالحکومت دہلی میں آئے روز مختلف مقامات پر بلڈوزر کارروائی جاری ہے۔
پردھان منتری آواس یوجنا کے تحت 1675 فلیٹس بنائے گئے تھے :
پردھان منتری آواس یوجنا کے تحت 1675 فلیٹس بنائے گئے تھے جن میں سے 985 فلیٹ لوگوں کو الاٹ کیے گئے تھے اور باقی لوگوں کو فلیٹ نہیں مل سکے تھے، لیکن ان لوگوں کو اسٹے مل گیا جس کی وجہ سے ان کے گھر بچ گئے۔ 250 خاندان ایسے ہیں جنہیں نہ تو فلیٹ مل سکا اور نہ ہی رہائش اور وہ اب بے گھر ہیں ۔ جیلر والا باغ کے علاقے میں لوگ تقریباً 30-35 سال سے رہ رہے ہیں۔ انہوں نے کبھی نہیں سوچا کہ جہاں یہ لوگ 30-35 سال سے رہ رہے ہیں، وہاں سے یہ لوگ اس طرح ہٹا دیے جائیں گے۔
لوگوں نے کیا کہا؟
ای ٹی وی بھارت کے ہندی ویب پورٹل کے مطابق کچھ لوگوں کا کہنا ہے کہ انہیں فلیٹس تو مل گئے لیکن انہیں فلیٹس میں وہ سہولیات نہیں مل رہیں جس سے وہ وہاں صحیح طریقے سے رہ سکیں۔ نہ ہی صاف پانی ہے۔اور نہ ہی صفائی ۔ فلیٹس کی حالت بھی انتہائی خراب ہے ۔لوگوں کی کچی بستیاں گرائی گئیں۔ فلیٹس دیے گئے لیکن ٹرانسپورٹ کی سہولتیں فراہم نہیں کی گئیں اور اب یہ لوگ خود ٹھگا ہوا محسوس کر رہے ہیں۔