دہلی کی ایک عدالت نے منگل کو کشمیری علیحدگی پسند خاتون لیڈر اور دختران ملت کی سربراہ آسیہ اندرابی کو، غیر قانونی سرگرمیاں (روک تھام) ایکٹ (یو اے پی اے) کیس میں قصوروار ٹھہرائے جانے کے بعد عمر قید کی سزا سنائی ہے۔ایڈیشنل سیشن جج چندر جیت سنگھ نے سزا کی مقدار پر دلائل مکمل کرنے کے بعد یہ سزا سنائی۔اندرابی کے دو قریبی ساتھیوں صوفی فہمیدہ اور ناہیدہ نسرین کو اسی کیس میں مجرم قرار دیے جانے کے بعد 30 سال قید کی سزا سنائی گئی۔آسیہ اندرا بی دہلی کی تہاڑ جیل میں بند ہے۔
عدالت نے مجرم قرار دیا تھا
14 جنوری کو عدالت نے اندرابی، فہمیدہ اور نسرین کو UAPA کی دفعہ 20 (دہشت گرد گروہ یا دہشت گرد تنظیم کا رکن ہونے کی سزا)، 38 (دہشت گرد تنظیم کی رکنیت سے متعلق جرم) اور 39 (دہشت گرد تنظیم کی حمایت) کے تحت مجرم قرار دیا تھا۔
بھارت کےخلاف جنگ چھیڑنے کا الزام
اندرابی کی سزا کے بعد، نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے) نے جموں و کشمیر کی علیحدگی کو فروغ دینے کے لیے سوشل میڈیا اور عوامی اجتماعات کا استعمال کرنے اور ہندوستان کے خلاف جنگ چھیڑنے کے لیے لشکر طیبہ کے حافظ سعید سمیت پاکستان میں مقیم اداروں کے ساتھ گٹھ جوڑ کرنے کے لیے اس کے لیے عمر قید کی درخواست کی تھی۔
این آئی اے نے 2018 میں کیا تھا گرفتار
دختران ملت (ڈی ای ایم) کے سربراہ کو ان کے دو ساتھیوں کے ساتھ این آئی اے نے 2018 میں دہشت گردی کی فنڈنگ کیس میں علیحدگی پسندوں کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران گرفتار کیا تھا۔تب سے وہ دہلی کی تہاڑ جیل میں بند ہے۔
1987 میں رکھی تھی تنظیم کی بنیاد
اندرابی نے 1987 میں کشمیر میں تمام خواتین کی تنظیم دختران ملت کی بنیاد رکھی۔ عسکریت پسندی کے پھوٹ پڑنے کے بعد، ڈی ایم نے علیحدگی پسند نظریہ کا پرچار کیا اور خواتین کے برقع پہننے، اسلامی شریعت کے نفاذ اور وادی میں ویلنٹائن ڈے کی تقریبات کی مخالفت کے لیے سرگرمی سے مہم چلائی۔عسکریت پسندی کے سالوں کے دوران، ڈی ایم ایک سخت گیر علیحدگی پسند تنظیم بن گئی اور اس نے مرحوم علیحدگی پسند رہنما سید علی گیلانی کی حمایت کی۔
2004 میں لگی تھی تنظیم پر پابندی
غیر قانونی سرگرمیاں (روک تھام) ایکٹ 1967 کے تحت 2004 میں مرکز نے ڈی ایم پر پابندی لگا دی تھی۔
اندرابی کےشوہر بھی جیل میں ہیں
اندرابی کے شوہر عاشق حسین فکتو عرف ڈاکٹر قاسم بھی عمر قید کی سزا کاٹ رہے ہیں۔انہیں فروری 1993 میں انسانی حقوق کے کارکن ہردے ناتھ وانچو کے 1992 کے قتل میں مبینہ طور پر ملوث ہونے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔2003 میں فاکتو کو ایک عدالت نے 1992 میں وانچو کے قتل میں ملوث ہونے پر عمر قید کی سزا سنائی تھی۔