ہندوستان میں چہارشنبہ کی شام ذوالحجہ کا چاند نظرآگیا۔ مختلف رویت ہلال کمیٹیوں نے اعلان کیا کہ 29 مئی بروزجمعرات کو یکم ذی الحجہ ہوگی۔ ملک بھر میں عیدالاضحی 7 جون بروز ہفتہ کو منائی جائے گی۔ عیدالاضحیٰ کی آمد سے قبل شہر میں امن و امان اور صفائی کے بہترین انتظامات کو یقینی بنانے کے لیے حیدرآباد سٹی پولیس نے ایک اہم رابطہ اجلاس منعقد کیا۔ اس اجلاس میں محکمہ مویشی پروری، جی ایچ ایم سی، روڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی (آر ٹی اے)، دیگر متعلقہ محکموں کے عہدیداروں، مسلم و قریشی برادری کے نمائندوں اور عوامی نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس کا مقصد عید کے موقع پر شہر میں سیکیورٹی اور سہولیات سے متعلق اقدامات کا جائزہ لینا اور تمام فریقین کے درمیان بہتر ہم آہنگی قائم کرنا تھا۔
اجلاس کے دوران شہر بھر میں سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات، صفائی مہم، بلا تعطل بجلی اور پانی کی فراہمی، قربانی کے جانوروں کی نقل و حمل اور دیگر امور پر تفصیل سے گفتگو کی گئی۔ تمام سرکاری محکموں کے عہدیداروں نے اجلاس کو اپنے اپنے محکمے کی جانب سے کیے گئے اقدامات سے آگاہ کیا اور اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ عید کے دنوں میں شہریوں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
کمشنر پولیس حیدرآباد جناب سی وی آنند، آئی پی ایس نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تمام محکموں کے درمیان مؤثر ربط اور پیشگی اقدامات کے ذریعے کسی بھی ممکنہ مسئلے سے بخوبی نمٹا جا سکتا ہے۔ انہوں نے شہر کی فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے تحفظ پر زور دیتے ہوئے نوجوانوں کو سوشل میڈیا پر اشتعال انگیز مختصر ویڈیوز اور پوسٹس سے باز رہنے کی ہدایت دی۔ اس موقع پر معززین اور عوامی نمائندوں نے حکام کے ساتھ مکمل تعاون کی یقین دہانی کرواتے ہوئے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ قوانین کا احترام کریں اور قربانی کے جانوروں کے فضلے کی مناسب نکاسی کو یقینی بنائیں تاکہ شہر کی صفائی متاثر نہ ہو۔