مہاراشٹرا میں ایک سنگین سڑک حادثہ پیش آیا۔ دو پرائیوٹ ٹریول بسیں آپس میں ٹکرا گئیں۔ اس واقعے میں دو مسافروں کی موت ہوگئی اور15 سے 20 افراد زخمی ہو گئے۔ یہ واقعہ جمعرات کی صبح لاتور،شولاپور ہائی وے پر پیش آیا۔ زخمیوں کو طبی علاج کے لیے لاتور کے سرکاری اسپتال لے جایا گیا ہے۔تمام زخمی مسافروں کو فوری طور پر لاتور کے ولاس راؤ دیشمکھ سرکاری اسپتال منتقل کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق، تْلجا پور۔لاتورسڑک پرآشیو پھاٹا کے قریب دو پرائیویٹ ٹریول بسیں آپس میں ٹکرا گئیں۔ پونے سے لاتور جانے والی سیاحوں کی بس نے اسی روٹ پر جا رہی ایک اور بس کو پیچھے سے ٹکر مار دی۔ حادثے میں دو مسافر جان کی بازی ہار گئے۔ 20 کے قریب افراد زخمی ہوئے۔ اطلاع ملنے پر پولیس فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ زخمیوں کو علاج کے لیے پانچ ایمبولینسوں میں لاتور کے سرکاری اسپتال منتقل کیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔
بائیکلہ میں پانچ منزلہ رہائشی عمارت سلیب منہدم
جنوبی ممبئی کے بائیکلہ میں واقع پانچ منزلہ رہائشی عمارت میں سلیب گرنے سے دو خواتین زخمی ہو گئیں۔ یہ واقعہ دن کے وقت پیش آیا۔ زخمیوں کو طبی امداد کے لیے شہری کے زیر انتظام نائر اسپتال لے جایا گیا۔ ممبئی فائر ڈپارٹمنٹ کے مطابق حادثے کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔ تھانے میونسپل کارپوریشن کے عہدیداروں نے بتایا کہ عمارت، 50 سال سے زیادہ پرانی تھی اور اس سال کے شروع میں کی گئی آڈٹ میں عمارت کو خطرناک قرار دیا گیا تھا۔
پارلے میں دو گاڑیوں کے ڈرائیوروں کی لڑائی
ممبئی کے ولے پارلے میں دو گاڑیوں کے ڈرائیوروں کے درمیان کسی بات پربحث ہوئی۔ لڑائی اس حد تک بڑھ گئی کہ کار چلانے والا ڈرائیور غصے میں آگیا اور سامنے کھڑے دوسرے ڈرائیور کو کچلنے کی کوشش کرنے لگا۔لیکن پھر زمین پر کھڑا شخص اپنی جان بچانے کے لیے کسی طرح گاڑی کے بونٹ پر چڑھ گیا تھا۔ یہ ، منظر ایک موٹر سائیکل سوار نے اپنے موبائل کیمرے میں قید کر لیا۔ وائرل ویڈیو پرعمل کرتے ہوئے، ایئرپورٹ پولیس اسٹیشن نے ایک کار ڈرائیور کے خلاف مقدمہ درج کیا۔ گاڑی کو ضبط کر لیا گیا ہے، اور ملزم کو بی این ایس ایس کی مختلف دفعات کے تحت نوٹس جاری کر دیا گیا ہے۔
ایئرپورٹ پرکوکین ضبط
CSMI ایئر پورٹ پر، ممبئی کے کسٹمز افسران نے 866 گرام مشتبہ کوکین ضبط کی ہے۔ جس کی مالیت 8 کروڑ روپیے بتائی گئی ہے۔ پولیس نے ایک غیر ملکی مسافر کو گرفتار کر لیا ہے۔