منصف ٹی وی کے مقبول خصوصی پروگرام "ہیلتھ اور ہم" میں آج دانتوں کی صحت سے متعلق ایک اہم موضوع
"Understanding Dental Implants"
پرخصوصی گفتگو پیش کی گئی، جس میں حیدرآباد کی معروف ڈینٹل اسپیشلسٹ ڈاکٹر ثمینہ علی نے ڈینٹل امپلانٹس، اس کے فوائد، ضرورت اور جدید طریقہ علاج پر تفصیلی روشنی ڈالی۔
اگرکسی فرد کا ایک دانت گر گیا ہے تو صرف خالی جگہ پر نقلی دانت لگانے کے بجائے امپلانٹ میں پہلے ہڈی کے اندر ایک مضبوط بنیاد لگائی جاتی ہے، پھر اس بنیاد پر نیا دانت فِٹ کیا جاتا ہے۔ڈینٹل امپلانٹس دانتوں کی کمی کو پورا کرنے کا ایک جدید طریقہ علاج ہے۔اس میں ایک مصنوعی دانت کی جڑ جیسا چھوٹا سا حصہ، عام طور پر ٹائٹینیم سے بنا ہوا، جبڑے کی ہڈی میں لگایا جاتا ہے۔ اس کے بعد اس کے اوپر ایک مصنوعی دانت ( کراؤن) لگایا جاتا ہے جو اصلی دانت جیسا دکھائی دیتا ہے اور کام کرتا ہے۔
پروگرام کے دوران ڈاکٹر ثمینہ علی نے بتایا کہ دانتوں کا خراب ہونا یا کسی حادثے، بیماری یا دیگر وجوہات کی بنا پر دانتوں کا گر جانا ایک عام مسئلہ ہے، لیکن جدید طبی سہولیات کی بدولت اب ڈینٹل امپلانٹس کے ذریعے مریض دوبارہ قدرتی دانتوں جیسی مضبوطی اور ظاہری شکل حاصل کر سکتے ہیں۔انہوں نے وضاحت کی کہ ڈینٹل امپلانٹ ایک مصنوعی دانت کی جڑ ہوتی ہے، جسے جبڑے کی ہڈی میں نصب کیا جاتا ہے، اس کے بعد اس پر مصنوعی دانت لگایا جاتا ہے۔ یہ طریقہ روایتی ڈینچر کے مقابلے میں زیادہ پائیدار اور آرام دہ سمجھا جاتا ہے۔
ڈاکٹر ثمینہ علی نے کہا کہ ڈینٹل امپلانٹس صرف خوبصورتی کے لیے نہیں بلکہ منہ کی مجموعی صحت کے لیے بھی اہم ہیں۔ دانتوں کی کمی سے چبانے، بولنے اور چہرے کی ساخت پر اثر پڑ سکتا ہے، جبکہ مناسب امپلانٹس ان مسائل کو بہتر بنانے میں مدد دیتے ہیں۔پروگرام میں اس بات پر بھی گفتگو ہوئی کہ ہر مریض کے لیے امپلانٹ کا طریقہ ایک جیسا نہیں ہوتا۔ مریض کی عمر، جبڑے کی ہڈی کی مضبوطی، صحت کی صورتحال اور دانتوں کی حالت کو دیکھ کر ماہر ڈاکٹر علاج کا فیصلہ کرتے ہیں۔ بعض مریضوں میں امپلانٹ سے پہلے ہڈی کی مضبوطی کے لیے اضافی علاج کی ضرورت بھی پڑ سکتی ہے۔
ڈاکٹر ثمینہ علی نے دانتوں کی حفاظت کے لیے روزانہ برش کرنے، صفائی کا خیال رکھنے، باقاعدگی سے ڈینٹل چیک اپ کروانے اور دانتوں کے مسائل کو نظر انداز نہ کرنے کا مشورہ دیا۔
"ہیلتھ اور ہم" کے ذریعے منصف ٹی وی ناظرین کو صحت سے متعلق اہم معلومات فراہم کر رہا ہے، تاکہ لوگ جدید طبی سہولیات اور بیماریوں سے بچاؤ کے طریقوں سے آگاہ ہو سکیں۔ پروگرام میں ماہرین صحت کی گفتگو عوام کے لیے صحت مند زندگی کی جانب ایک اہم قدم ثابت ہو رہی ہے۔
قارئین آپ ڈاکٹر ثمینہ علی کے پروگرام کا مکمل ویڈیو یہاں دیکھ سکتےہیں۔