• News
  • »
  • کھیل/تفریح
  • »
  • ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں تیز ترین 500 وکٹیں لینے والے بولر اور ان کے اعدادوشمار

ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں تیز ترین 500 وکٹیں لینے والے بولر اور ان کے اعدادوشمار

Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Sahjad Mia | Last Updated: Aug 03, 2025 IST     

image
 
ٹیسٹ کرکٹ میں 500 وکٹیں حاصل کرنا ہر باؤلر کا خواب ہوتا ہے لیکن یہ سنگ میل صرف عظیم کھلاڑی ہی حاصل کر سکتے ہیں۔ یہ اعداد و شمار صرف وکٹوں کی گنتی نہیں بلکہ برسوں کی محنت، مہارت کی علامت ہے۔ ایسے میں آئیے جانتے ہیں ان لیجنڈ باؤلرز کے بارے میں جنہوں نے کم سے کم ٹیسٹ میچوں میں 500 وکٹیں مکمل کر کے نہ صرف ریکارڈ بک میں جگہ بنائی بلکہ کرکٹ کی تاریخ میں خود کی ایک الگ پہچان بنائی۔
 
متھیا مرلی دھرن (87 ٹیسٹ) 
 
پہلے نمبر پر سری لنکن کرکٹ ٹیم کے سابق لیجنڈ متھیا مرلی دھرن ہیں ۔ انہوں نے 2004 میں آسٹریلیا کے خلاف 500 وکٹیں مکمل کیں۔ 1992 میں اپنا پہلا میچ کھیلنے والے مرلی دھرن نے یہ کارنامہ 11 سال 201 دن میں انجام دیا۔ یہ اس کھلاڑی کا 87 واں ٹیسٹ میچ تھا۔ انہوں نے اس میچ کی پہلی اننگز میں 4 اور دوسری اننگز میں 5 وکٹیں حاصل کیں۔ تاہم سری لنکا یہ میچ 27 رنز سے ہار گیا۔
 
روی چندرن اشون (98 ٹیسٹ) 
 
روی چندرن اشون اس فہرست میں دوسرے نمبر پر ہیں۔ انہوں نے 98 ٹیسٹ میں اپنی 500 وکٹیں مکمل کیں۔ انہوں نے یہ کارنامہ راجکوٹ میں انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے خلاف انجام دیا۔ اشون کو 500 وکٹیں مکمل کرنے میں 12 سال اور 101 دن لگے۔ انہوں نے پہلی اننگز اور دوسری اننگز میں ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ ہندوستانی ٹیم نے اس میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 434 رنز سے کامیابی حاصل کی۔
 
انیل کمبلے (105 ٹیسٹ)
 
تیسرے نمبر پر سابق لیجنڈ انیل کمبلے ہیں ۔ انہوں نے 2006 میں انگلینڈ کے خلاف موہالی ٹیسٹ میں 500 وکٹیں مکمل کیں۔انہوں نے یہ کارنامہ اپنے 105ویں ٹیسٹ میں انجام دیا۔ کمبلے کو یہاں تک پہنچنے میں 15 سال 212 دن لگے۔ پہلی اننگز میں کمبلے نے 76 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں۔ دوسری اننگز میں انہوں نے 70 رنز کے عوض 4 وکٹیں حاصل کیں۔ اس میچ میں ہندوستانی ٹیم 9 وکٹوں سے جیت گئی تھی۔
 
شین وارن (108 ٹیسٹ) 
 
آسٹریلیا کرکٹ ٹیم کے سابق عظیم باؤلر شین وارن نے 12 سال 66 دنوں میں 500 وکٹیں مکمل کر لیں۔ انہوں نے یہ کارنامہ اپنے 108ویں میچ میں انجام دیا۔وارن نے 2004 میں سری لنکا کرکٹ ٹیم کے خلاف اپنی 500 وکٹیں مکمل کیں ۔ وارن نے اس ٹیسٹ میچ کی دونوں اننگز میں 5-5 وکٹیں حاصل کیں۔ اس میچ میں کینگرو ٹیم 197 رنز سے جیت گئی۔