جموں وکشمیر کے ضلع اننت ناگ میں 9اگست 2025 ایک تاریخی پیش رفت دیکھنے میں آئی۔ ضلع اننت ناگ میں ریلوے اسٹیشن پر پہلی مرتبہ مال برادار ریل گاڑی پلیٹ فارم پر پہنچی جس کا والہانہ استقبال کیا گیا۔ ناردرن ریلوے نے پہلی بار یہاں کے ریلوے اسٹیشن سے مال برداری کا باضابطہ آغاز کیا۔ اس کے ساتھ ہی اننت ناگ، وادی کا پہلا ایسا ریلوے اسٹیشن بن گیا جہاں سے سامان کی درآمد و برآمد ممکن ہو سکی ہے۔ پہلی ما بردا ریل گاڑی 21 بوگیز اور 2 انجنس کے ساتھ اننت ناگ پلیٹ فارم پہنچی ۔
نقل وحمل کیلئے وادی کشمیر کا پہلا ریلوے اسٹیشن کھولا گیا
اس کے ساتھ ہی اننت ناگ ریلوے اسٹیشن وادی کشمیر کا پہلا ریلوے اسٹیشن بن گیا ہے جسے سامان کی نقل وحمل کے لیے کھولا گیا ہے۔ حکام کے مطابق اسٹیشن روزانہ صبح 6:00 بجے سے رات 10:00 بجے تک کام کرے گا۔ اور یہ اسٹیشن بارہمولہ - سرینگر - بانیہال ریلوے کوریڈور کا حصہ ہے، جو ادھم پور - سرینگر - بارہمولہ ریل لنک (USBRL) پروجیکٹ کے دائرہ اختیار میں ہے۔ حکام کے مطابق کشمیر میں مال بردار ریل پورے خطے میں کاروباری اداروں کے لیے زیادہ موثر اور قابل اعتماد ٹرانسپورٹ آپشن آفر کرے گا۔
اقتصادی رابطہ مضبوط ہوگا
ماہرین کا کہنا ہےکہ اس اقدام سے نہ صرف یہاں کی تازہ پیداوار کی منڈیوں تک رسائی آسان ہوگی بلکہ نئی مال برداری اور کشمیر کے درمیان اقتصادی رابطہ کو مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔ اس اقدام سے یہاں کے اہم شعبوں خاص کر باغبانی، زراعت کو فائدہ پہنچے گا جو وادی کے نہ صرف وادی میں بیشتر کسانوں کا بنیادی پیشہ ہے بلکہ یہاں کی معیشت کے لیے بھی انتہائی اہم ہیں۔ اس سے نقل و حمل کے اخراجات میں کمی، لاجسٹکس کو بہتر بنانے اور سامان کی تیز تر ترسیل کو یقینی بنانے کی توقع ہے، خاص طور پر سردیوں کے مہینوں میں جب برف باری اور لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے اکثر سڑکوں کا رابطہ منقطع ہوتا ہے۔
کسانوں اور تاجروں میں خوشی کی لہر
ادھر، تجارتی انجمنوں اور کسانون نے سرکار کے اس اقدام کی سراہنا کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس قدم سے پوری وادی خاص کر جنوبی کشمیر میں آر پار اشیاء اور ساز و سامان کی نقل و حرکت کو ہموار کرنے میں مدد ملے گی۔ تاجرین کے مطابق: ’’یہ براہ راست ریل پر مبنی کارگو کو ملک بھر میں مقامی کاروباری منڈیوں کے ساتھ مربوط کرنے اور مقامی کاروباری منڈیوں تک رسائی فراہم کرے گا۔‘‘
وزیر اعظم نریندر مودی نے کی ستائش
وزیر اعظم نریندر مودی نے وادی کشمیر میں پہلی مال بردار ٹرین کی آمد کو سراہا ہے، جو خطے کو قومی مال بردار نیٹ ورک سے مربوط کرنے میں ایک اہم سنگ میل ہے ۔ریلوے ، مواصلات اور الیکٹرانکس اور آئی ٹی کے مرکزی وزیر جناب اشونی ویشنو کی ایک پوسٹ کے جواب میں وزیر اعظم نے کہا کہ اس پیشرفت سے جموں و کشمیر میں ترقی اور خوشحالی دونوں میں اضافہ ہوگا ۔وزیر اعظم نےایکس پر پوسٹ کیا ۔’’جموں و کشمیر میں تجارت اور رابطے کے لیے بہت اچھا دن! اس سے ترقی اور خوشحالی دونوں میں اضافہ ہوگا ‘‘۔