Friday, May 30, 2025 | 03, 1446 ذو الحجة
  • News
  • »
  • سیاست
  • »
  • فلم اداکار کمل ہاسن کی راجیہ سبھا میں ہوگی انٹری،ڈی ایم کے نے الیکشن میں دی ایک سیٹ

فلم اداکار کمل ہاسن کی راجیہ سبھا میں ہوگی انٹری،ڈی ایم کے نے الیکشن میں دی ایک سیٹ

Reported By: Munsif TV | Edited By: Sahjad Mia | Last Updated: May 28, 2025 IST     

image
مشہور اداکار کمل ہاسن پارلیمنٹ کے ایوان بالا راجیہ سبھا میں داخل ہو سکتے ہیں۔ دراصل، تمل ناڈو کے حکمراں جماعت ڈی ایم کے نے انکشاف کیا ہے کہ پارٹی 19 جون کو ہونے والے دو سالہ راجیہ سبھا انتخابات میں چھ میں سے چار سیٹوں پر مقابلہ کرے گی، اور ایک سیٹ اتحادی فلم اداکار کمل ہاسن کی پارٹی مکل ندھی مییام (MNM) کو دی گئی ہے۔ 
 

ڈی ایم کے نے 3 امیدواروں کا کیا اعلان:

ڈی ایم کے نے راجیہ سبھا انتخابات کے لیے 3 امیدواروں کے ناموں کا  اعلان کیا ہے۔ پارٹی نے سینئر ایڈوکیٹ پی ولسن کو دوبارہ نامزد کیا ہے۔ اس کے علاوہ 'ڈی ایم کے' کے دو دیگر امیدوار، سیلم سے پارٹی لیڈر ایس آر سیولنگم اور شاعر، ادیب اور پارٹی کارکن رقیہ ملک عرف کاویگنار سلمہ ہوں گے۔ یرد رہے کہ تمل ناڈو کے 6 راجیہ سبھا ممبران اسمبلی 24 جولائی 2025 کو ریٹائر ہو جائیں گے۔ ریٹائر ہونے والے لیڈروں میں' پی ایم کے' کے انبومانی رامادوس اور ایم 'ڈی ایم کے' کے سرکردہ لیڈر وائیکو بھی شامل ہیں۔
 

کمل ہاسن کے  بیان پر تنازع :

ڈی ایم کے نے کمل ہاسن کی پارٹی کو راجیہ سبھا کی ایک سیٹ دینے کے بعد، فلم اداکار کے لیے پارلیمنٹ کے ایوان بالا میں داخل ہونے کا راستہ صاف ہو گیا ہے۔ کمل ہاسن ان دنوں اپنی فلم ٹھگ لائف کی تشہیر میں مصروف ہیں۔ منی رتنم کی ہدایت کاری میں بنی یہ فلم جلد ہی شائقین کے درمیان ریلیز ہونے والی ہے۔تاہم کمل ہاسن کے راجیہ سبھا جانے کی بحث کے دوران انہیں کنڑ زبان سے متعلق اپنے ایک بیان پر تنقید کا سامنا ہے۔ کمل ہاسن نے فلم ٹھگ لائف کے حوالے سے چنئی میں ایک تقریب میں کہا، "میرا خاندان یہاں ہے... اسی لیے میں یہاں آیا ہوں۔ آپ کی زبان (کنڑ) بھی تمل سے نکلی ہے۔" اس بیان کے بعد کمل ہاسن پر کڑی تنقید کی جا رہی ہے۔ کنڑ بولنے والے لوگ مطالبہ کر رہے ہیں کہ وہ کنڑ لوگوں کی عزت نفس کی توہین کرنے پر فوراً معافی مانگیں۔