بی آر ایس کے کارگزار صدر اور سابق وزیر کے ٹی راما راؤ آج تلنگانہ میں انتہائی زیر بحث فارمولا۔ای کار ریس کیس میں انسداد بدعنوانی بیورو یعنی اے سی بی کے سامنے پیش ہوئے۔ اے سی بی انکوائری میں شرکت سے قبل کے ٹی آر نے اپنے والد اور سابق چیف منسٹر کے سی آر سے ملاقات کی۔ بتایا جاتا ہے کہ کے ٹی آر بنجارہ ہلز کے نندی نگر میں کے سی آر کی رہائش گاہ پر ان سے ملاقات کی اور اے سی بی کی انکوائری کے تناظر میں ان سے کئی اہم مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔ اس ملاقات کے بعد کے ٹی آر تلنگانہ بھون پہنچے۔ دوسری طرف بی آر ایس کے کئی اہم قائدین کے ٹی آر کی حمایت کا اظہار کرنے کے لئے ان کی رہائش گاہ پر جمع ہوئے ۔
کے ٹی آر کی گرفتاری کے امکانات !
ان میں ایم ایل اے کوشک ریڈی، سابق ایم پی بلکا سمن، پی کارتک ریڈی اور دیگر شامل ہیں۔ اسی طرح بڑی تعداد میں بی آر ایس قائدین اور کارکنان بھی تلنگانہ بھون پہنچے۔اس دوران کے ٹی آر نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہاکہ مجھے ابھی تک تین مرتبہ پوچھ تاچھ کیلئے بلایا گیاہے میں 30 مرتبہ بھی پیش ہونے کیلئے تیار ہوں۔ کے ٹی آر نے کہاکہ میں تلنگانہ تحریک کے دوران جیل جاچکا ہوں اس لئے میں ایسے الزامات سے ڈرنے والا نہیں ہوں ۔ انہوں نے کہاکہ میں حیدرآباد کی برانڈ امیج کیلئے سومرتبہ جیل جانے کیلئے تیار ہوں۔ اس دوران کے ٹی آر کی گرفتاری کے بھی امکانات ظاہر کئے جارہے ہیں۔
سخت حفاظتی انتظامات :
ادھر دوسری جانب کے ٹی آر کے اے سی بی دفتر کے دورہ کے دوران کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کو روکنے کیلئے پولیس نے سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے ہیں۔ تلنگانہ بھون میں پولیس کی بھاری نفری بھی تعینات کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ اے سی بی دفتر کے باہر بھی پولیس کی بھاری جمعیت تعینات کردی گئی ہے۔ اس دوران پولیس کے کئی اعلیٰ عہدیدار بھی سیکوریٹی انتظامات میں مصروف دیکھے گئے۔ اس کے علاوہ اے سی بی آفس کے اطراف ٹریفک تحدیدات بھی عائد کی گئی ہیں۔