Monday, June 16, 2025 | 20, 1446 ذو الحجة
  • News
  • »
  • جرائم/حادثات
  • »
  • ہریانوی میوزک انڈسٹری کی ماڈل شیتل کا بے دردی سے قتل، نہر سے لاش برآمد

ہریانوی میوزک انڈسٹری کی ماڈل شیتل کا بے دردی سے قتل، نہر سے لاش برآمد

Reported By: Munsif TV | Edited By: Sahjad Mia | Last Updated: Jun 16, 2025 IST     

image
ہریانہ کے سونی پت کے کھرکھوڈہ میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ سامنے آیا ہے ،یہاں  ہریانوی میوزک انڈسٹری کی ماڈل شیتل کو نامعلوم حملہ آوروں نے گلا کاٹ کر بے دردی سے قتل کردیا۔ شیتل کی لاش کھرکھوڈہ کے کھنڈا گاؤں کے قریب ریلائنس نہر سے برآمد ہوئی۔ متوفی شیتل پانی پت کی رہنے والی تھی۔ اس واقعہ سے مقامی کمیونٹی میں سنسنی پھیل گئی ہے اور پولیس نے معاملے کی سنجیدگی سے تفتیش شروع کر دی ہے۔جب پولیس نے لاش کو باہر نکالا تو اس کی گردن پر تیز دھار ہتھیار کے گہرے نشانات پائے گئے۔ مزید تحقیقات  جاری ہے۔
 
قتل کے بعد لاش نہر میں پھینک دی گئی:
 
معلومات کے مطابق شیتل حال ہی میں پانی پت کی ستکرتن کالونی میں اپنی بہن نیہا کے ساتھ رہ رہی تھی۔ اتوار (15 جون) کو اس کی بہن نے اولڈ انڈسٹریل ایریا پولیس اسٹیشن میں گمشدگی کی رپورٹ درج کرائی تھی۔ پیر (16 جون) کو جب لاش ملی تو پولیس نے اہل خانہ سے رابطہ کیا اور لاش کی شناخت کر لی گئی۔ابتدائی تفتیش میں معلوم ہوا ہے کہ اسے گلا کاٹ کر قتل کیا گیا ہے۔ پولیس نے لاش کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے سول اسپتال بھجوا دیا ہے اور قتل کی وجوہات جاننے کے لیے کئی زاویوں سے تفتیش شروع کر دی ہے۔
 
قتل کی وجہ جاننے کی کوشش جا ری:
 
اے سی پی اجیت سنگھ نے کیس کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ جس نہر سے لاش ملی ہے وہ کھرکوڈہ تھانہ کے علاقے میں آتی ہے۔ لڑکی کی شناخت پانی پت کی رہنے والی شیتل کے طور پر کی گئی ہے، جس کی گمشدگی کی شکایت پہلے ہی درج کی گئی تھی۔ان کا کہنا تھا کہ لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے سول اسپتال بھیج دیا گیا ہے اور قتل کی وجہ جاننے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ ابتدائی طور پر کیس کا تعلق محبت یا پیشہ وارانہ دشمنی سے ہوسکتا ہے تاہم پولیس تاحال کسی نتیجے پر نہیں پہنچ سکی ہے۔
 
فی الحال سونی پت پولیس اس معاملے کو سنجیدگی سے لے رہی ہے اور پانی پت پولیس کے ساتھ تعاون کر رہی ہے۔ پولیس اہل خانہ سے پوچھ گچھ کر رہی ہے اور کال ڈیٹیل ریکارڈ (سی ڈی آر) اور لوکیشن ہسٹری کی مدد سے یہ جاننے کی کوشش کر رہی ہے کہ شیتل آخری بار کس سے رابطے میں تھی۔ہریانوی میوزک انڈسٹری میں ان کے سرگرم ہونے کی وجہ سے پولیس انڈسٹری سے وابستہ لوگوں سے بھی پوچھ گچھ کر سکتی ہے۔ اس  معاملہ  سے ایک بار پھر ریاست میں خواتین کی حفاظت پر سوال اٹھ رہے ہیں۔