ملک کی دو اہم ریاستوں کیرالا اورآسام کے ساتھ ساتھ مرکز کے زیر انتظام علاقے پڈوچیری میں اسمبلی انتخابات کے لیے ووٹنگ کا آغاز ہو گیا ہے، جہاں لاکھوں ووٹرز اپنے حقِ رائے دہی کا استعمال کر رہے ہیں۔ ان انتخابات کو نہایت اہم قرار دیا جا رہا ہے کیونکہ مختلف بڑی سیاسی جماعتوں اور اتحادوں کے درمیان سخت مقابلہ دیکھنے کو مل رہا ہے۔ پرامن پولنگ کو یقینی بنانے کے لیے سخت سکیورٹی انتظامات بھی کیے گئے ہیں۔
کیرالا میں 140 اسمبلی نشستوں کے لیے ووٹنگ ہو رہی ہے، جہاں 2 کروڑ 71 لاکھ سے زائد ووٹرز 883 امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ کر رہے ہیں۔ یہاں مقابلہ سی پی آئی (ایم) کی قیادت والے ایل ڈی ایف، کانگریس کی قیادت والے یو ڈی ایف اور بی جے پی کی قیادت والے این ڈی اے کے درمیان ہے۔ انتخابی مہم کے دوران وزیر اعظم نریندر مودی، وزیر داخلہ امت شاہ، کانگریس رہنما راہل گاندھی اور پرینکا گاندھی سمیت کئی بڑے سیاسی رہنماؤں نے بھرپور تشہیر کی، جبکہ وزیر اعلیٰ پینارائی وجین نے ایل ڈی ایف کی قیادت کی۔ ریاست میں ایل ڈی ایف اور یو ڈی ایف کے درمیان سخت مقابلہ متوقع ہے، جبکہ بی جے پی بھی اپنی موجودگی مضبوط بنانے کی کوشش کر رہی ہے۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے ووٹنگ کے موقع پر عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ گھروں سے باہر نکلیں اور بڑی تعداد میں ووٹ ڈالیں۔ اپنے پیغام میں انہوں نے خاص طور پر نوجوانوں اور خواتین پر زور دیا کہ وہ جمہوری عمل میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں کیونکہ ہر ووٹ ملک کے مستقبل کی تشکیل میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔
دوسری جانب کانگریس کے قومی صدر ملکارجن کھرگے نے بھی ووٹرز سے اپیل کی ہے کہ وہ باہر نکلیں اور اتحاد، فلاح اور حقیقی ترقی کے حق میں ووٹ دیں۔ انہوں نے آسام، کیرالا اور پڈوچیری کے عوام سے کہا کہ ان کا ووٹ ملک کے مستقبل کو بہتر بنا سکتا ہے۔ تینوں خطوں میں پولنگ کا عمل جاری ہے اور ووٹرز کی بڑی تعداد پولنگ اسٹیشنز کا رخ کر رہی ہے، جس سے جمہوری عمل میں عوامی دلچسپی واضح طور پر نظر آ رہی ہے۔