شہر حیدرآباد میں گاڑیوں کی پارکنگ کا مسئلہ سنگین ہوگیا ہے۔ اس سلسلہ میں حکومت نے گاڑیوں کی پارکنگ کی مشکلات کو جانچنے کیلئے جدید ترین ٹیکنالوجی دستیاب کرائی ہے۔ حیدرآباد کے بی آر پارک میں 400 گز کے علاقے میں ملٹی لیول پارکنگ سسٹم قائم کیا گیا ہے۔ منتظمین نے بتایا کہ یہاں ایک وقت میں 72 کاریں کھڑی کی جا سکتی ہیں۔کے بی آر پارک میں ہمیشہ بھاری ٹریفک رہتی ہے۔ صبح اور شام کے اوقات میں پارک میں آنے اور پیدل چلنے والوں کو اپنی گاڑیاں پارک کرنے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اس مسئلے پر قابو پانے کیلئے حکام نے بتایا کہ یہاں جدید ترین ٹیکنالوجی کے ساتھ ملٹی لیول پارکنگ کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔
دس دن بعد عوام کیلئے ہوگا دستیاب:
فی الحال یہ ملٹی لیول پارکنگ آزمائشی طور پر چل رہی ہے۔ اسے دس دن کے بعد مکمل طورپر عوام کیلئے دستیاب کر دیا جائے گا۔ اسے کوریائی ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے بنایا گیا ۔ اس کی تکمیل پر 6 کروڑ روپیوں کا خرچ آیا۔ توقع ہے کہ اس سے بنجارہ ہلز اور جوبلی ہلز علاقوں میں پارکنگ اور ٹریفک جام کے مسائل میں کچھ حد تک کمی آئے گی۔ اگر کے بی آر پارک میں قائم کی گئی ملٹی لیول پارکنگ کی سہولت کامیاب ہوجاتی ہے تو حکام اسے شہر کے دیگر ہجومی علاقوں میں بھی قائم کرنے کا منصوبہ بنارہے ہیں۔ حکام پر امید ہیں کہ اس طرح کی ملٹی لیول پارکنگ کی سہولیات مزید علاقوں میں قائم کر دی جائیں تو شہر میں پارکنگ اور ٹریفک کے مسائل حل ہو جائیں گے۔
ساتھ ہی بتا تے چلیں کہ تلنگانہ حکومت نے ایک بار پھر پلاٹوں کو ریگولرائز کرنے کی آخری تاریخ بڑھا دی ہے۔ اس مقصد کیلئے محکمہ میونسپل اینڈ اربن ڈیولپمنٹ کے سکریٹری نے احکامات جاری کیے ہیں۔ اس میں کہا گیا ہے کہ ریگولرائزیشن کی آخری تاریخ کو 25 فیصد رعایت کے ساتھ اس ماہ کی 30 تاریخ تک بڑھایا جا رہا ہے۔ گذشتہ حکومت کے دور میں جب ریاست میں پلاٹوں کو ریگولرائز کرنے کی اجازت دی گئی تھی، تقریباً 25 لاکھ لوگوں نے درخواست دی تھی۔ اس کو تیز کرنے کیلئے موجودہ حکومت نے ریگولرائزیشن کیلئے ادا کی جانے والی فیس پر 25 فیصد رعایت کا اعلان کیا ہے۔ ابتدائی طور پر حکومت نے مارچ کے آخر تک موقع دیا تھا تاہم اس میں مسلسل اضافہ کیا جا رہا ہے۔ تازہ معاملہ میں اب 25 فیصد رعایت کے ساتھ اس ماہ کی 30 تاریخ تک توسیع کی گئی ہے۔ حکام نے عوام سے اس سلسلہ میں فائدہ اٹھانے کی اپیل کی ہے۔