حیدرآباد ایک اور باوقار بین الاقوامی تقریب کی میزبانی کے لیے تیار ہے، کیونکہ مس ورلڈ 2025 کے فائنل مقابلے ہائی ٹیکس ایگزی بیشن سنٹرمیں منعقد ہونے والے ہیں۔ تلنگانہ حکومت اس تقریب کو بڑی شان و شوکت سے منعقد کر رہی ہے۔ چار براعظموں کے 40 ممالک سےحسینائیں مقابلہ میں شریک ہیں۔31 مئی یعنی اتوارکی شام ہونے والے گرینڈ فائنل کی آخری تیاریاں زور وشورسے جاری ہیں۔
محکمہ سیاحت کے خصوصی چیف سکریٹری جیش رنجن شخصی طور پر ایونٹ کے انتظامات کی نگرانی کر رہے ہیں۔ منگل کو، انہوں نے سائبرآباد پولیس، ٹریفک پولیس، اور محکمہ سیاحت کے عہدیداروں کے ساتھ ایک اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس منعقد کیا۔ میٹنگ کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے، جیش رنجن نے تصدیق کی کہ فائنل ہائی ٹیکس کے ہال نمبر 4 میں منعقد ہوں گے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ تقریب شام 6:30 بجے شروع ہوگی اور رات 9:20 بجے اختتام پذیر ہوگی، جس میں تقریباً 3,500 افراد کے لیے بیٹھنے کے انتظامات کیے گئے ہیں۔ مختلف سرکاری محکموںکو مربوط کرنے کے لیے، ہائی ٹیکس میں ایک خصوصی کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ ریونت ریڈی نے ہدایت دی ہے کہ یہ تقریب صرف VIPs تک محدود نہیں ہوگی، بلکہ عام شہریوں کو بھی شرکت کا موقع دیا جائے گا۔ اس مقصد کے لیے آن لائن درخواستیں طلب کی گئی تھیں، اور جیش رنجن نے انکشاف کیا کہ تقریباً 7,500 افراد نے درخواست دی تھی، جن میں سے تقریباً 1,000 افراد کومس ورلڈ فائنل میں شرکت کے لیے منتخب کیا جائے گا۔ تلنگانہ کے معروف صنعت کاروں اور بالی ووڈ اور ٹالی ووڈ کی مشہور شخصیات کو خصوصی مہمانوں کے طور پر مدعو کیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ ریونت ریڈی، ریاستی وزراء، منتخب نمائندے، اور سینئر عہدیدار کی بھی اس تقریب میں شرکت کی توقع ہے۔
فائنل کے لیے پریکٹس سیشن منگل کو شروع ہوئے اور بدھ اور جمعرات کو بھی جاری رہیں گے۔ 30 اور 31 مئی کی صبح مکمل ریہرسل کا شیڈول ہے۔ جیش رنجن نے بتایا کہ سونی ٹی وی 120 ممالک میں فائنل کو براہ راست نشر کرے گا۔ ٹیلی کاسٹ کے دوران، تلنگانہ کی ثقافت، روایات، اور سیاحتی مقامات کو نمایاں کرنے والا 50 سے 60 منٹ کا ایک خصوصی سیگمنٹ ہوگا۔ فائنل کے ججز کے بارے میں، جیش رنجن نے بتایا کہ مس ورلڈ آرگنائزیشن جلد ہی ایک سرکاری اعلان کرے گی۔