جموں و کشمیر میں عآپ ایم ایل اے مہراج ملک نے نیشنل کانفرنس (این سی) کی قیادت والی حکومت سے اپنی حمایت واپس لینے کا اعلان کیا ہے۔وہ جموں و کشمیر میں عام آدمی پارٹی کے واحد ایم ایل اے ہیں۔ مہراج نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم 'ایکس' پر این سی کی قیادت والی حکومت سے علیحدگی کا اعلان کیا ۔معراج ملک کے اس اعلان نے جموں و کشمیر کی سیاست میں ایک بار پھرہلچل مچا دی ہے۔ مہراج نے اپنے پوسٹ میں لکھا، 'میں، ڈوڈا کے ایم ایل اے مہراج ملک، حکومتی اتحاد میں این سی سے اپنی حمایت واپس لے رہا ہوں۔ یہ فیصلہ جموں و کشمیر کے میرے لوگوں کے مفاد میں لیا گیا ہے، جن کا اعتماد اور فلاح و بہبود ہمیشہ میری اولین ترجیح رہے گی۔
عوامی خدمت کے لیے بہانے نہیں، ارادے چاہیے:مہراج ملک
مہراج نے اپنے پوسٹ میں لکھا کہ 'کیجریوال جی نے 49 دن بعد استعفیٰ دے دیا کیونکہ وہ لوگوں کی اس طرح خدمت نہیں کر سکے جس طرح وہ چاہتے تھے۔ عمر عبداللہ جی کو اقتدار میں رہے 9 ماہ سے زیادہ ہو چکے ہیں، اس کے باوجود انہوں نے کچھ نہیں کیا۔وہ مزید لکھتے ہیں کہ ،اس لیے نہیں کہ وہ نہیں کر سکتے، بلکہ اس لیے کہ وہ ایسا نہیں کرئیں گے۔ عوامی خدمت کے لیے نیت کی ضرورت ہوتی ہے، بہانے نہیں۔
مہراج ملک کون ہے؟
مہراج ملک کا شمار ڈوڈہ خطے کے مقبول لیڈروں میں ہوتا ہے۔ وہ ڈوڈہ ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کونسل کے رکن تھے، جو مقامی انتظامیہ کے خلاف احتجاج کرنے کی وجہ سے اکثر خبروں میں رہتے تھے۔ ملک نے 2021 میں ڈی ڈی سی کے انتخابات میں کامیابی حاصل کی۔ 1988 میں پیدا ہونے والے مہراج ملک ایک طویل عرصے سے عام آدمی پارٹی سے وابستہ ہیں۔ مہراج ملک نے 2014 کے اسمبلی انتخابات میں آزاد امیدوار کی حیثیت سے حصہ لیا تھا۔ اور اپنی ایک نئی پہچان بنائی،عآپ لیڈر مہراج ملک نے جموں اور کشمیر اسمبلی انتخابات 2024 میں ڈوڈا میں کامیابی حاصل کی۔ اس دوران انہوں نے عآپ امیدوار کے طور پر بی جے پی کے گجے سنگھ رانا کو شکست دی۔