Sunday, June 22, 2025 | 26, 1446 ذو الحجة
  • News
  • »
  • علاقائی
  • »
  • کسی بھی ہنگامہ حالات میں ڈائل کریں نمبر 112 : تلنگانہ پولیس

کسی بھی ہنگامہ حالات میں ڈائل کریں نمبر 112 : تلنگانہ پولیس

Reported By: Munsif TV | Edited By: Mohammed Imran Hussain | Last Updated: Jun 21, 2025 IST     

image
 
تلنگانہ پولیس نے ریاست بھر میں عوام کی فوری مدد اور ایمرجنسی سروسز کی بہتر رسائی کے لیے ڈائل 112 سروس کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔ اب کسی بھی ہنگامی صورتِ حال میں عوام صرف 112 ڈائل کر کے پولیس، فائر بریگیڈ، ایمبولینس، خواتین و بچوں کی حفاظت اور آفاتِ سماوی جیسی تمام خدمات فوری حاصل کر سکیں گے۔
 
تلنگانہ پولیس کے مطابق، ڈائل 112 سسٹم چوبیس گھنٹے، ہفتہ کے سات دن بلا تعطل کام کرے گا۔ اس سروس کے ذریعے GPS سے لیس گاڑیوں کے ذریعے متاثرہ مقام پر فوری رسپانس دیا جائے گا، جس سے ایمرجنسی کی صورت میں قیمتی جانیں بچانے اور فوری مدد پہنچانے میں بڑی آسانی پیدا ہوگی۔

کال کرنے والے کی لوکیشن ہوگی آٹومیٹک ٹریک

ڈائل 112 پر کال کرتے ہی کال کرنے والے کی وکیشن آٹومیٹک طور پر ٹریک کی جائے گی، جس کے بعد قریبی پولیس پٹرولنگ گاڑی، ایمبولینس یا فائر ٹینڈر کو فوری طور پر روانہ کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ اس سسٹم کے تحت خواتین و بچوں کی حفاظت کے لیے خصوصی رسپانس بھی دستیاب ہوگا، جس کا مقصد سماج کے حساس طبقات کو فوری اور محفوظ مدد فراہم کرنا ہے۔

مختلف زبانوں میں بات چیت اور ایپ کی سہولت

پولیس کے مطابق، ڈائل 112 سروس میں مختلف زبانوں میں بات چیت کی سہولت بھی دی گئی ہے، تاکہ ریاست کے ہر حصے کے عوام اپنی مادری زبان میں ایمرجنسی رپورٹ کر سکیں۔ اس کے ساتھ ہی شہری'112 انڈیا' ایپ کو گوگل پلے اسٹور اورایپل ایپ اسٹور سے ڈاؤن لوڈ کر کے اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ اس ایپ کے ذریعے شہری ایمرجنسی الرٹ، لوکیشن شیئرنگ اور SOS فیچر کے ذریعے فوری مدد طلب کر سکتے ہیں۔

عوام میں اطمینان اور پولیس کی ستائش

ریاست بھر میں اس سہولت کے آغاز پر عوامی حلقوں نے خوشی کا اظہار کیا ہے اور تلنگانہ پولیس کی اس کاوش کو سراہا ہے۔ عوام کا کہنا ہے کہ ڈائل 112 سروس سے ایمرجنسی میں مدد حاصل کرنا پہلے کے مقابلے میں بہت آسان ہو جائے گا، جس سے امن و امان کی صورتحال میں مزید بہتری آئے گی۔
 
تلنگانہ پولیس کا کہنا ہے کہ وہ ریاست میں عوام کی حفاظت اور فوری مدد کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا بھرپور استعمال جاری رکھے گی تاکہ ہر شہری خود کو محفوظ اور پُراعتماد محسوس کرے۔