لیفٹیننٹ گورنر ونے کمار سکسینہ نے بدھ کے روز جسٹس پشپیندر سنگھ بھاٹی کو جموں و کشمیر اور لداخ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کے عہدے کا حلف دلایا۔ حلف برداری کی یہ تقریب سری نگر میں منعقد ہوئی، جس میں جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ سمیت کئی اہم سیاسی، عدالتی اور انتظامی شخصیات نے شرکت کی۔ ونے کمار سکسینہ کو جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کی چھٹی کے دوران ان کے فرائض انجام دینے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ اسی دوران انہوں نے پشپیندر سنگھ بھاٹی کو چیف جسٹس کے عہدے کا حلف دلایا۔
تقریب کا آغاز قومی ترانے سے ہوا۔ اس کے بعد جموں و کشمیر اور لداخ ہائی کورٹ کے رجسٹرار جنرل نے صدر جمہوریہ ہند کی جانب سے جاری کردہ جسٹس پشپیندر سنگھ بھاٹی کی تقرری سے متعلق وارنٹ پڑھ کر سنایا۔ وارنٹ آف اپائنٹمنٹ مکمل ہونے کے بعد لیفٹیننٹ گورنر نے جسٹس بھاٹی کو عہدے اور رازداری کا حلف دلایا۔ حلف برداری کے بعد دونوں نے حلف سے متعلق سرکاری دستاویزات پر دستخط کیے۔ اس کے بعد لیفٹیننٹ گورنر نے صدر جمہوریہ کی جانب سے جاری کردہ تقرری کا وارنٹ جسٹس پشپیندر سنگھ بھاٹی کے حوالے کیا۔
تقریب میں جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمرعبداللہ، نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ، اسمبلی اسپیکر عبدالرحیم راتھر، کابینہ کے وزراء، ہائی کورٹ کے ججز، چیف سکریٹری اَتل ڈولو، پولیس کے ڈائریکٹر جنرل نلین پربھات سمیت کئی سینئر افسران اور پولیس حکام موجود رہے۔ حلف برداری کی تقریب کے اختتام پر قومی گیت اور قومی ترانہ پیش کیا گیا۔ جسٹس پشپیندر سنگھ بھاٹی کی تقرری کو جموں و کشمیر اور لداخ کے عدالتی نظام کے لیے اہم پیش رفت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ چیف جسٹس کی حیثیت سے ان کے سامنے عدالت کے انتظامی امور کے ساتھ ساتھ خطے سے متعلق مختلف اہم قانونی معاملات کی نگرانی کی ذمہ داری بھی ہوگی۔