Tuesday, May 20, 2025 | 22, 1446 ذو القعدة
  • News
  • »
  • جرائم/حادثات
  • »
  • کلکتہ : ٹیٹا گڑھ میں قائم ایک عمارت میں دھماکہ، ٹی ایم سی لیڈر نے فلیٹ کرائے پر لیا تھا

کلکتہ : ٹیٹا گڑھ میں قائم ایک عمارت میں دھماکہ، ٹی ایم سی لیڈر نے فلیٹ کرائے پر لیا تھا

Reported By: Munsif TV | Edited By: Sahjad Mia | Last Updated: May 19, 2025 IST     

image
مغربی بنگال کے ٹیٹا گڑھ  میں قائم  ایک فلیٹ میں زوردار  دھماکہ ہوا۔ یہ واقعہ میونسپل کارپوریشن کے تحت وارڈ نمبر 4 کے باس گارڈن علاقے میں پیش آیا۔ دھماکہ اتنا زور دار تھا کہ فلیٹ کی دیواریں بھی اڑ گئیں۔ خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کے مطابق پولیس نے بتایا کہ یہ واقعہ شمالی 24 پرگنہ ضلع کے ٹیٹا گڑھ میونسپلٹی کے وارڈ 4 میں پیش آیا جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ پولیس کے مطابق، ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا کہ یہ فلیٹ ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) کے مقامی کونسلر ارمان منڈل نے کرایہ پر لیا تھا۔

دھماکہ خیز مواد فلیٹ کے اندر رکھا گیا تھا:

ایک پولیس افسر نے کہا، جب دھماکہ ہوا تو فلیٹ کے اندر کوئی موجود نہیں تھا۔ اگرچہ کوئی زخمی نہیں ہوا تاہم دھماکے سے فلیٹ کی دیواریں اڑ گئیں۔ ایسا لگتا ہے کہ دھماکہ فلیٹ کے اندر رکھے گئے کچھ بارودی مواد کی وجہ سے ہوا ہے۔ ہم نے تفتیش شروع کر دی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دھماکے کے بعد کنکریٹ کا ملبہ اپارٹمنٹ کے ساتھ واقع کچی آبادی پر گرا جس سے اسے نقصان پہنچا۔

پولیس معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے:

دھماکے کی اطلاع ملتے ہی پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی۔ دھماکے کی جگہ کو خالی کرا لیا گیا اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا۔ یا واقعہ پیر کی صبح پیش آیا۔واقعے کے بعد عمارت کے ارد گرد تلاش شروع کر دی گئی ۔ مکان کرایہ پر لینے والے ترنمول کونسلر ارمان منڈل کے کردار کی بھی جانچ کی جا رہی ہے۔ علاقے میں اس طرح کے دھماکوں سے مقامی لوگ خوفزدہ ہیں۔ تاہم ٹیٹا گڑھ پولیس نے  سیکورٹی کی یقین دہانی کرائی ہے۔ اس معاملے میں انیل کمار گپتا کا نام بھی سامنے آرہا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ جس گھر میں دھماکہ ہوا اس پر وارڈ نمبر 4 کے کونسلر محمد ریاض الدین عرف ارمان منڈل نے انتخابات کے دوران انتخابی کام کے لیے قبضہ کیا تھا اور اس کے بعد سے انہوں نے گھر کی چابیاں واپس نہیں کیں۔