سعودی عرب کے قومی محکمہ موسمیات نے حج سیزن کے پیشِ نظر مختلف علاقوں میں شدید گرمی، گرد آلود ہواؤں اور بعض مقامات پر بارش و گرج چمک کی پیش گوئی کرتے ہوئے شہریوں اور عازمینِ حج کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت دی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ دنوں میں نجران، ریاض، مشرقی صوبے، الجوف، تبوک اور شمالی سرحدی علاقوں کے بعض حصوں میں گرد و غبار والی تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے، جس سے حدِ نگاہ متاثر ہو سکتی ہے۔ اس کے علاوہ جازان، عسیر، الباحہ اور مکہ مکرمہ کے پہاڑی علاقوں میں کہیں کہیں بارش اور گرج چمک کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق حج سے قبل لاکھوں عازمین کی آمد کا سلسلہ جاری ہے، ایسے میں مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ اور مقدس مقامات کو ملانے والے راستوں پر دن کے اوقات میں شدید گرمی برقرار رہنے کی توقع ہے۔ ماہرین کے مطابق مکہ مکرمہ میں درجہ حرارت 47 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ مدینہ منورہ میں 44 ڈگری تک پہنچ سکتا ہے۔
سعودی حکام نے عازمین حج اور مسافروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ سفر سے قبل اپنی گاڑیوں کی مکمل جانچ کرلیں، پانی اور مشروبات کا زیادہ استعمال کریں اور گرمی سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ کھلے مقامات پر گرد آلود ہواؤں کے باعث ماسک اور دیگر حفاظتی اقدامات اپنانے کا بھی مشورہ دیا گیا ہے۔
رواں سال حج کے موقع پر دنیا بھر سے تقریباً 16 لاکھ سے زائد عازمین کے مکہ مکرمہ پہنچنے کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے۔ اس بڑے مذہبی اجتماع کے دوران موسمی صورتحال اور سکیورٹی انتظامات پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔
دوسری جانب سعودی حج سکیورٹی فورسز کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل محمد البسامی نے واضح کیا ہے کہ حج کے دوران کسی بھی غیر متعلقہ سرگرمی یا ضابطہ خلافی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ تمام عازمین کو صرف عبادات اور مناسک حج پر توجہ دینی چاہیے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ رواں حج سیزن میں سکیورٹی خلاف ورزیوں اور غیر قانونی سرگرمیوں میں نمایاں کمی دیکھی گئی ہے اور اس حوالے سے کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔