Monday, May 04, 2026 | 16 ذو القعدة 1447
  • News
  • »
  • سیاست
  • »
  • تمل ناڈو انتخابات 2026: تھلاپتی وجے کی تاریخی برتری،کیا تھے انتخابی وعدے؟

تمل ناڈو انتخابات 2026: تھلاپتی وجے کی تاریخی برتری،کیا تھے انتخابی وعدے؟

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: sahjad mia | Last Updated: May 04, 2026 IST

تمل ناڈو انتخابات 2026: تھلاپتی وجے کی تاریخی برتری،کیا  تھے انتخابی وعدے؟
تمل ناڈو اسمبلی انتخابات کے نتائج میں اداکار سے سیاست دان بنے تھلاپتی وجے کی پارٹی 'تملگا ویٹری کڑگم' (TVK) تاریخ رقم کرتی نظر آ رہی ہے۔ 2024 میں پارٹی کے قیام کے بعد اپنے پہلے ہی انتخابی معرکے میں وجے نے ریاست کی دونوں بڑی جماعتوں، ڈی ایم کے اور اے آئی اے ڈی ایم کے کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ ماہرین کا ماننا ہے کہ TVK کے عوامی منشور اور دلکش وعدوں نے ووٹرز، بالخصوص خواتین اور نوجوانوں پر گہرا اثر ڈالا ہے۔آئیے جانتے ہیں TVK کے منشور کے وہ بڑے وعدے جنہوں نے تمل ناڈو کی سیاست میں زلزلہ برپا کر دیا:
 
 خواتین کے لیے 12 بڑے اعلانات:
 
تھلاپتی وجے نے خواتین ووٹرز کو راغب کرنے کے لیے منشور میں 12 بڑے وعدے کیے تھے:
 
خاندان کی سربراہ خاتون کو 2,500 روپے ماہانہ مالی امداد۔
 
ہر خاندان کو سالانہ 6 مفت گیس سلنڈر۔
 
ہر دلہن کو شادی کے تحفے کے طور پر 8 گرام سونا اور ایک ریشمی ساڑی۔
 
خواتین اور بچوں کے لیے مفت بس سفر اور علیحدہ حفاظتی محکمہ کا قیام۔
 
نوزائیدہ بچوں کے لیے 'بیبی کٹ' اور سونے کی انگوٹھی کا تحفہ۔
 
خواتین کے خلاف جرائم کے لیے 'زیرو ٹالرنس' پالیسی اور فاسٹ ٹریک عدالتوں کا قیام۔
 
 تعلیم اور بے روزگاری الاؤنس:
 
نوجوانوں اور طلبہ کے لیے TVK نے انقلابی اقدامات کا وعدہ کیا ہے:
 
 پہلی سے بارہویں جماعت تک کے بچوں کے والدین کو تعلیم کے لیے 15,000 روپے سالانہ امداد۔
 
اعلیٰ تعلیم (Ph.D تک) کے لیے 20 لاکھ روپے تک کا بلا ضمانت تعلیمی قرضہ۔
 
بے روزگار نوجوانوں کے لیے 4,000 روپے ماہانہ اور ڈپلوما ہولڈرز کے لیے 2,500 روپے الاؤنس۔
 
نجی کمپنیوں میں 5 لاکھ نوجوانوں کے لیے پیڈ (Paid) انٹرنشپ ٹریننگ۔
 
 کسانوں اور عام شہریوں کے لیے مراعات:
 
   سرکاری ملازمتیں: ریاست میں 5 لاکھ نئی سرکاری نوکریوں کی فراہمی۔
 
صحت اور رہائش: 25 لاکھ روپے کا طبی بیمہ (Medical Insurance) اور بے گھر افراد کے لیے مفت مکان کا پٹہ۔
 
کسان دوست اقدامات: کسانوں کو 15,000 روپے سالانہ سرمایہ کاری امداد، چھوٹے کسانوں کے قرضوں کی معافی اور گنے کی ایم ایس پی (MSP) 4,500 روپے فی ٹن کرنے کا وعدہ۔
 
شہری حقوق: 'تمل ناڈو سٹیزن پریویلج کارڈ' کا اجرا، جس کے ذریعے تمام فلاحی فوائد بغیر درخواست دیے خود بخود ملیں گے۔
 
ڈیجیٹل جمہوریت کا نیا تصور:
 
وجے نے وعدہ کیا ہے کہ شہری اپنی شکایات اور تجاویز ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے ذریعے براہ راست اسمبلی میں پیش کر سکیں گے۔ اگر کسی عرضی پر 5 لاکھ دستخط ہوں گے تو اس پر اسمبلی میں بحث لازمی ہوگی۔
 
تازہ ترین انتخابی صورتحال:
 
تمل ناڈو کی 234 نشستوں پر جاری گنتی میں TVK اس وقت 111 نشستوں پر آگے ہے اور اکثریت کے ہندسے (118) کے بالکل قریب ہے۔ دوسری طرف اے آئی اے ڈی ایم کے اتحاد 72 اور حکمراں ڈی ایم کے اتحاد محض 47 نشستوں پر سمٹ گیا ہے۔ اگر یہ رجحانات برقرار رہے تو تھلاپتی وجے کا 'سیاسی جادو' تمل ناڈو کو ایک نئی قیادت فراہم کرے گا۔