بھارت میں ہر سال 5 ستمبر کو یومِ اساتذہ منایا جاتا ہے۔ اس دن ملک بھر کے اساتذہ کی خدمات کو خراجِ پیش کیا جاتا ہے۔ 2026 میں صدرِ جمہوریہ دروپدی مرمو 5 ستمبر کو نئی دہلی کے وگیان بھون میں 48 اسکول اساتذہ کو قومی اساتذہ ایوارڈ سے نوازیں گی۔ تقریب کے دوران ایوارڈ حاصل کرنے والے اساتذہ کے نمایاں کام پر مختصر دستاویزی فلمیں بھی دکھائی جائیں گی۔
قومی اساتذہ ایوارڈ ہر سال وزارتِ تعلیم کے محکمۂ اسکول ایجوکیشن اینڈ لٹریسی کی جانب سے دیا جاتا ہے۔ اس ایوارڈ کے ذریعے ایسے اساتذہ کی خدمات کو تسلیم کیا جاتا ہے جنہوں نے اسکول کی تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے اور طلبہ کی زندگیوں پر مثبت اثر ڈالنے میں نمایاں کردار ادا کیا ہو۔ ایوارڈ کے لیے اساتذہ کا انتخاب ایک سخت، شفاف اور آن لائن عمل کے ذریعے کیا جاتا ہے۔
5 ستمبر کی اہمیت کیا ہے؟
بھارت میں 5 ستمبر کو یومِ اساتذہ اس لیے منایا جاتا ہے کیونکہ یہ ڈاکٹر سروپلی رادھا کرشنن کی سالگرہ ہے۔ وہ ایک معروف فلسفی، اسکالر اور سیاست دان تھے اور بھارت کے دوسرے صدرجمہوریہ بھی رہے۔
ڈاکٹر رادھا کرشنن کی زندگی
ڈاکٹر سروپلی رادھا کرشنن 5 ستمبر 1888 کو تروتنی، تمل ناڈو میں پیدا ہوئے۔ ان کا تعلق ایک سادہ گھرانے سے تھا اور وہ روحانی اقدار کے ماحول میں پلے بڑھے۔ ان کے والد چاہتے تھے کہ وہ پادری بنیں، لیکن رادھا کرشنن نے تعلیم اور فلسفے کو اپنا شعبہ منتخب کیا۔ انہوں نے مدراس کرسچن کالج میں فلسفہ کی تعلیم حاصل کی اور 1907 میں ماسٹر ڈگری مکمل کی۔
ڈاکٹر رادھا کرشنن صدر جمہوریہ کیسے بنے؟
ڈاکٹرسروپلی رادھا کرشنن نے تعلیم اور فلسفے کے میدان میں نمایاں مقام حاصل کرنے کے بعد سیاست میں قدم رکھا۔ وہ بھارت کے نائب صدرجمہوریہ بھی رہے اور بعد میں 1962 میں ملک کے دوسرے صدر جمہوریہ بنے۔ انہیں 1954 میں بھارت کے اعلیٰ ترین شہری اعزاز، بھارت رتن، سے بھی نوازا گیا۔
یومِ اساتذہ کی روایت کیسے شروع ہوئی؟
بھارت میں یومِ اساتذہ منانے کی روایت ڈاکٹر رادھا کرشنن سے منسوب کی جاتی ہے۔ جب ان کے طلبہ اور دوست ان کی سالگرہ منانا چاہتے تھے تو انہوں نے اپنی سالگرہ الگ سے منانے کے بجائے اسے اساتذہ کے اعزاز کے دن کے طور پر منانے کی خواہش ظاہر کی۔ اس کے بعد 5 ستمبر کو یومِ اساتذہ کے طور پر منانے کی روایت قائم ہوئی۔
اسی وجہ سے بھارت میں 5 ستمبر کو صرف ایک سالگرہ کے طور پر نہیں بلکہ اساتذہ کی خدمات اور تعلیم کے شعبے میں ان کے کردار کو خراج پیش کرنے کے دن کے طور پر منایا جاتا ہے۔