حیدرآباد کےعلاقہ ٹولی چوکی میں پولیس نے چوری اور ڈکیٹی میں ملوث دو ٹولیوں کو گرفتار کیا ہے۔ اور ملزمین کے قبضہ سے چوری اور چھینا ہوا مال برآمد کیا۔ ٹولی چوکی پولیس نے بتایا کہ آر ٹی سی بس کے مسافر بابو نے پولیس میں شکایت درج کرائی تھی کہ ان کی سونے کی چین بس میں کھو گئی۔ پولیس نے اس معاملے میں شکایت درج کرکے تحقیقات شروع کی۔ تحقیقات کےدوران پولیس نے مشتبہ افراد کو حراست میں لیکر پوچھ تاچھ کی۔ اور ان کے قبضہ سے مسروقہ سونے کی چین کو برآمد کرلیا۔ چین اْڑانے کے معاملے میں پولیس نے4 افراد کو گرفتار کیا ہے۔ اور اس ٹولی کا پانچواں ملزم فرار ہے۔ پولیس اس کی تلاش میں ہے۔
مسافروں سے بھری بسوں کو بنایا نشانہ
پولیس انسپکٹر نے بتایا کہ یہ ٹولی عادی مجروموں پر مشتمل ہے۔ اس ٹولی کےارکان اکثر بس میں مسافروں کو نشانہ بناتے ہیں۔ بس میں فرضی ہجوم بنا کر ایک مسافر کو نشانہ بنایا کرتے ہیں۔ بس میں ہجوم کا ہنگامہ کرکے عوام کی توجہ ہٹا کر انھیں لوٹ لیا کرتے تھے۔ ان میں سے ایک شخص اپنے دانتوں سے سونے کا زیور( چین) کاٹتا ہے۔ دوسرا، اس چین کو نیچے سے اٹھا کر تیسرے کے حوالے کرتا ہے۔ اور اسکےبعد یہ فرار ہو جایا کرتے ہیں اور پھر مانگواڑ بستی جاکر آپس میں چوری کا مال تقسیم کر لیتےہیں۔ ان تمام کی کرائم ہسٹری ہے۔ ان میں سے ایک ملزم پر 7 کیس اور دوسرے پر 30 کیس درج ہیں۔
نقد رقم نہیں ہونے پر آن لائن ٹرانسفر
پولیس نے ایک ڈکیٹی کے معاملے کو بھی حل کرکے ملزمین کو گرفتارکرلیا۔ اور چھینے گئے 5450 روپئے، جرم میں استعمال کیا گیا آٹو، سیل فونس کو برآمد کرلیا۔ پولیس کے مطابق 15 جون کو حکیم پیٹ کی ہوٹل سے واپس ہونے والے دو افراد کو جرائم پیشہ ٹولی نےآٹو میں بیٹھالیا۔ اور خود کو پولیس ظاہر کرکے ڈرا، دھمکا کر ان کے پاس سے سیل فونس اور رقم چھین لی۔ انھوں نے ایک شخص کے پاس نقد رقم نہیں ہونے پر ان سے آن لائن رقم ٹرانسفر کرائی۔ اور یہ لوٹنے کا نیا طریقہ ہے۔ پولیس نے اس جرم میں بھی 5 افراد کے ملوث ہونے کی نشاندہی کی ہے۔ پولیس نے ملزمین کو گرفتار کرکے مزید کاروائی کیلئے عدالت میں پیش کیا ہے۔