• News
  • »
  • عالمی منظر
  • »
  • لبنان پر اسرائیلی حملوں کےبعد امریکہ ایران مذاکرات ملتوی

لبنان پر اسرائیلی حملوں کےبعد امریکہ ایران مذاکرات ملتوی

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Mohammed Imran Hussain | Last Updated: Jun 19, 2026 IST

لبنان پر اسرائیلی حملوں کےبعد امریکہ ایران مذاکرات ملتوی
امریکہ اور ایران کے درمیان طے شدہ براہ راست مذاکرات ایک بار پھرملتوی ہو گئے ہیں۔ وائٹ ہاؤس کے مطابق امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کا سوئٹزرلینڈ کا دورہ مؤخر ہونے کے باعث مذاکرات کا نیا دورمنعقد نہیں ہو سکا۔ یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب امریکہ اور ایران نے خطے میں جاری کشیدگی ختم کرنے کے لیے ایک معاہدے پر اتفاق کیا تھا۔

 معاہدے کےایک دن بعد ہی جان لیوا حملے

 معاہدے کے ایک دن بعد ہی جنوبی لبنان میں اسرائیلی حملوں میں کم از کم 18 افراد جاں بحق ہو گئے۔ لبنان کی وزارت صحت کے مطابق اسرائیلی فضائی حملوں اور بمباری میں 33 افراد زخمی ہوئے، جبکہ کئی عمارتوں کو نقصان پہنچا۔ لبنان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی نے ان حملوں کو جنگ کے دوران ہونے والی شدید ترین بمباری میں سے ایک قرار دیا۔

اسرائیلی فوج کا دعویٰ

اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ حملوں میں ایران کی حمایت یافتہ تنظیم حزب اللہ کے ٹھکانوں اور افراد کو نشانہ بنایا گیا۔ اسرائیل نے یہ بھی کہا کہ حزب اللہ کے حملوں میں اس کے چار فوجی ہلاک ہوئے ہیں۔ مذاکرات میں امریکہ اور ایران کے درمیان ہونے والے مفاہمتی یادداشت (MoU) پر عمل درآمد کے حوالے سے بات چیت متوقع تھی۔ امریکی حکام کے مطابق یہ "تکنیکی مذاکرات" معاہدے کے اگلے مراحل طے کرنے کے لیے ہونے تھے، تاہم تیاری مکمل نہ ہونے کی وجہ سے انہیں مؤخر کیا گیا۔

سوئٹزرلینڈ کی تصدیق

سوئٹزرلینڈ کی وزارت خارجہ نے بھی تصدیق کی کہ برجن اسٹاک ریزورٹ میں ہونے والے مذاکرات ملتوی کر دیے گئے ہیں، تاہم مذاکرات کی تیاری جاری رہے گی۔امریکہ ایران معاہدے میں 14 نکات شامل ہیں، جن میں آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنا، ایران کی جانب سے جوہری ہتھیار نہ بنانے کی یقین دہانی، ایران کی تعمیر نو کے لیے 300 ارب ڈالر کے منصوبے اور ایران پر عائد پابندیوں کے خاتمے جیسے اقدامات شامل ہیں۔

معاہدے کےاعلان بعد حملےجاری

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ معاہدے کے بعد اسرائیل اور حزب اللہ سمیت تمام محاذوں پر جنگ بندی نافذ ہونی چاہیے، لیکن معاہدے کے اعلان کے بعد بھی دونوں جانب سے حملے جاری رہے۔لبنان میں جاری تنازع کے دوران لبنانی حکام کے مطابق اسرائیلی کارروائیوں میں اب تک ہزاروں افراد ہلاک ہو چکے ہیں، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ دوسری جانب اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ سرحدی جھڑپوں میں اس کے فوجی اور شہری بھی ہلاک ہوئے ہیں۔

مشرق وسطیٰ میں امن کے امکانات پر نئی تشویش

موجودہ صورتحال نے امریکہ ایران امن معاہدے کے مستقبل اور مشرق وسطیٰ میں حقیقی جنگ بندی کے امکانات پر نئی تشویش پیدا کر دی ہے۔