حیدرآباد میں ایک اہم سڑک کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے نام سے منسوب کیے جانے کے بعد خود صدر ٹرمپ نے اس پر خوشی اور تشکر کا اظہار کیا ہے۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم Truth Social پر جاری بیان میں کہا کہ وہ اس اعزاز پر ہندوستان اور تلنگانہ حکومت کے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ وہ اس نوعیت کا اعزاز حاصل کرنے والے پہلے امریکی صدر ہیں۔
تلنگانہ حکومت نے حال ہی میں حیدرآباد کے فنانشل ڈسٹرکٹ میں امریکی قونصلیٹ سے متصل سڑک کا نام باضابطہ طور پر "ڈونلڈ ٹرمپ ایونیو" رکھ دیا۔ اس فیصلے کا اعلان سب سے پہلے دسمبر 2025 میں وزیر اعلیٰ اے ریونت ریڈی نے کیا تھا۔
اس موقع پر منعقدہ تقریب میں یادگاری تختی کی نقاب کشائی تلنگانہ کے نائب وزیر اعلیٰ بھٹی وکرمارکا، بھارت میں امریکہ کے سفیر سرجیو گور اور حیدرآباد میں امریکی قونصل جنرل لورا ولیمز نے مشترکہ طور پر کی۔ تقریب میں اعلیٰ سرکاری حکام، سفارت کاروں اور صنعت سے وابستہ کئی اہم شخصیات نے بھی شرکت کی۔
تلنگانہ حکومت کے مطابق یہ اقدام امریکہ کی آزادی کے 250 سال مکمل ہونے کی تقریبات "Freedom 250" کے سلسلے میں کیا گیا ہے۔ حکومت کا کہنا ہے کہ اس فیصلے کا مقصد تلنگانہ اور امریکہ کے درمیان تزویراتی، تجارتی اور سرمایہ کاری کے بڑھتے ہوئے تعلقات کو مزید مضبوط بنانا ہے۔
حکام کے مطابق حیدرآباد اس وقت امریکی ٹیکنالوجی کمپنیوں اور گلوبل کیپیبلٹی سینٹرز کا ایک بڑا مرکز بن چکا ہے، جس کے باعث دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ فی الحال "ڈونلڈ ٹرمپ ایونیو" کی نامزدگی کو دونوں ممالک کے تعلقات میں ایک علامتی مگر اہم قدم کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔