Sunday, June 15, 2025 | 19, 1446 ذو الحجة
  • News
  • »
  • سیاست
  • »
  • بہار:ذات پات، مذہب اور جذباتی مسائل پر نہیں بلکہ ٹھوس ترقیاتی مسائل پر ووٹ دیں:پرشانت کشور

بہار:ذات پات، مذہب اور جذباتی مسائل پر نہیں بلکہ ٹھوس ترقیاتی مسائل پر ووٹ دیں:پرشانت کشور

Reported By: Munsif TV | Edited By: Sahjad Mia | Last Updated: Jun 15, 2025 IST     

image
ریاست بہار میں اس سال کے آخر میں  انتخابات ہونے ہیں،تمام سیاسی پارٹیاں سر گرم ہیں،سیاسی ہلچلیں  تیز ہیں۔اس دوران جن سوراج کے بانی اور انتخابی حکمت عملی ساز پرشانت کشور نے سیتامڑھی کے پپری میں ایک بڑے جلسہ عام سے خطاب کیا۔ اس دوران انہوں نے نہ صرف اپنی جن سوراج یاترا کے مقاصد کو دہرایا بلکہ لوگوں سے بہار کی حالت زار کو ختم کرنے کا عہد بھی  کیا۔
 
جئے بہار، جئے جئے بہار !پرشانت کشور کا نیا نعرہ:
 
اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے پرشانت کشور نے عوام سے جذباتی اپیل کی کہ وہ کسی بھی لیڈر یا پارٹی کے لیے نعرے نہ لگائیں، بلکہ اپنے آباؤ اجداد اور مادر وطن کے احترام کے لیے صرف ایک نعرہ بلند کریں - 'جئے بہار، جئے جئے بہار'۔ انہوں نے کہا کہ یہ نعرہ آنے والی نسلوں کے لیے فخر کی علامت بننا چاہیے، تاکہ مستقبل میں کوئی ’بہاری‘ کہہ کر گالی نہ دے سکے۔
 
یہ رابطہ مہم ہے ووٹ مانگنے کے لیے نہیں:کشور
 
پرشانت کشور نے اپنی بات واضح کرتے ہوئے کہا کہ یہ مہم صرف عوامی رابطہ اور عوامی بیداری کے لیے ہے، اس میں انہوں نے نہ تو ووٹ مانگا ہے اور نہ ہی کسی سے چندہ لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر عوام کو یہ کوشش مناسب لگتی ہے تو وہ تبدیلی کی اس لڑائی کا ساتھ دیں۔ انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ اس بار دیوالی اور چھٹھ اس سوچ کے ساتھ منائیں کہ یہ ان کی غربت اور بہار کے دکھوں کا آخری تہوار ہوگا۔
 
تعلیم اور روزگار کو ووٹ کا مسئلہ بنائیں:
 
کشور نے زور دیا کہ اب بہار کو بااختیار بنانے کا وقت آگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر اگلا ووٹ بہار کے مستقبل کے لیے ہونا چاہیے، خاص کر بچوں کی تعلیم اور روزگار کے لیے۔ انہوں نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ گھر گھر جا کر اپنے پڑوسیوں کو سمجھائیں کہ اب وہ ذات پات، مذہب اور جذباتی مسائل پر نہیں بلکہ ٹھوس ترقیاتی مسائل پر ووٹ دیں۔ساتھ ہی پرشانت کشور نے کہا کہ وہ دوبارہ پپری نہیں آئیں گے۔ اب عوام کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس مہم کو آگے بڑھائیں اور تبدیلی کی مہم کو عوامی تحریک میں تبدیل کریں۔ انہوں نے کہا کہ اب بہار میں عوام کی حکمرانی قائم کرنی ہے، اس کے لیے ہر شہری کو بیدار ہو کر اپنی جمہوری ذمہ داری کو پورا کرنا ہوگا۔