Tuesday, June 17, 2025 | 21, 1446 ذو الحجة
  • News
  • »
  • سیاست
  • »
  • تلنگانہ کانگریس: مسلمانوں کے لئے حکومت میں نہیں ہےکوئی جگہ۔ کیا پارٹی عہدوں پرکریں اکتفا!

تلنگانہ کانگریس: مسلمانوں کے لئے حکومت میں نہیں ہےکوئی جگہ۔ کیا پارٹی عہدوں پرکریں اکتفا!

Reported By: Munsif TV | Edited By: Mohammed Imran Hussain | Last Updated: Jun 10, 2025 IST     

image
تلنگانہ پردیش کانگریس کی 96 قائدین پرمشتمل جمبو کمیٹی کا اعلان کیا گیا ہے جس میں 27 قائدین کو پی سی سی نائب صدور اور 69 قائدین کو جنرل سکریٹریز کے طور پرنامزد کیا گیا ہے۔ پارٹی نے 27 نائب صدورمیں سے 8 اوبی سی، 5 ایس سی، 2 ایس ٹی اور 3 مسلم قائدین کو عہدے دئے ہیں۔  نائب صدرور میں مسلم قائدین میں ایم اے فہیم ، افسر یوسف زائی اور نواب مجاہد عالم خان شامل ہیں۔ نواب مجاہد عالم خان ، نواب محبوب عالم خان کے فرزند ہیں۔
 
سابق کرکٹرمحمد اظہرالدین کے فرزند محمد اسد الدین کو تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کا جنرل سکریٹری مقرر کیا گیا ہے۔  ٹی پی سی سی کے 69 جنرل سیکریٹریز کےعہدوں میں سے 26 او بی سی، 9 ایس سی، 4 ایس ٹی اور 8 مسلم قائدین کو دینے کا اعلان کیا گیا ہے لیکن جو فہرست جاری کی گئی ہے اس میں صرف 6 مسلم قائدین کے نام شامل ہیں۔ جن میں محمد عبدلفہیم، محمد خواجہ فخرالدین، محمد صابرعلی ،محترمہ شمیم آغا، محمد اسد الدین ولد اظہرالدین، رحمت حسین شامل ہیں۔
 
 بتایا جارہا ہے کہ اس سلسلہ میں وفاداری اور سماجی انصاف کے علاوہ زمینی سطح پر پارٹی کے لئے کام کرنے والوں اور نوجوانوں کو ترجیح دی گئی ہے۔ کہا جا رہا ہےکہ ریاستی کابینہ کی توسیع کی طرح ٹی پی سی سی نے بھی کمزور طبقات کو زیادہ مواقع فراہم کئے ہیں۔
 
 ادھر ریاستی کابینہ میں مسلم نمائندگی نہیں ملنے پر پارٹی کےاقلیتی قائدین نے ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔ حکومت ناراض قائدین کومنانے کی کوشش کر رہی ہے۔  ریاست کی اپوزیشن پارٹی نے بھی حکمراں جماعت کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ ایسا لگتا ہےکہ کانگریس حکومت  کابینہ میں مسلم نمائندگی نہیں ہونے پر پارٹی میں عہدیدے دیکرامکانی سیاسی نقصان سے بچنے کی کوشش کر رہی ہے۔ حکومت نے نامزد عہدوں پر بھی مسلمانوں کو برائے نام نمائندگی  دی ہے۔ ایسے میں سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ تلنگانہ کی کانگریس حکومت میں مسلمانوں کیلئے کوئی جگہ نہیں ہے؟۔ اور اقلیتی لیڈروں کو پارٹی میں عہدے دیکر تسلی دی جا رہی ہے۔