Tuesday, August 18, 2026 | 03 ربيع الأول 1448
  • News
  • »
  • کھیل/تفریح
  • »
  • آسٹریلیا نے دوسرے ٹیسٹ کے لیے اسکواڈ کا اعلان کیا، ویدرالڈ کی جگہ رینشا کی واپسی

آسٹریلیا نے دوسرے ٹیسٹ کے لیے اسکواڈ کا اعلان کیا، ویدرالڈ کی جگہ رینشا کی واپسی

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Afreen Begum | Last Updated: Aug 18, 2026 IST

آسٹریلیا نے دوسرے ٹیسٹ کے لیے اسکواڈ کا اعلان کیا، ویدرالڈ کی جگہ رینشا کی واپسی
آسٹریلیا نے بنگلہ دیش کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کے لیے اپنے اسکواڈ میں ایک تبدیلی کی ہے۔ پہلے ٹیسٹ میں بنگلہ دیش کے ہاتھوں 9 وکٹوں سے شکست کے بعد اوپنر جیک ویدرالڈ کو ٹیم سے باہر کردیا گیا ہے۔ دونوں اننگز میں جیک ویدرالڈ کی کارکردگی توقعات کے مطابق نہیں رہی، جس کے بعد ٹیم انتظامیہ نے ان کی جگہ میتھیو رینشا کو اسکواڈ میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ آسٹریلیا اور بنگلہ دیش کے درمیان دوسرا ٹیسٹ 22 اگست سے میکے میں کھیلا جائے گا۔ آسٹریلیا پہلے ٹیسٹ میں شکست کے بعد دو میچوں کی سیریز میں 0-1 سے پیچھے ہے، اس لیے دوسرے میچ میں اس کے لیے جیتنا بہت اہم ہوگا۔

میتھیو رینشا کی تین سال بعد واپسی

میتھیو رینشا کی آسٹریلوی ٹیسٹ ٹیم میں تقریباً تین سال بعد واپسی ہوئی ہے۔ انہوں نے اپنا آخری ٹیسٹ میچ 2023 میں ہندوستان کے خلاف دہلی میں کھیلا تھا۔ ڈیوڈ وارنر کے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائر ہونے کے بعد آسٹریلیا مسلسل ایک ایسے بلے باز کی تلاش میں ہے جو ان کی جگہ اننگز کا آغاز کر سکے۔ وارنر کے بعد کئی کھلاڑیوں کو اوپننگ کی ذمہ داری دی گئی۔ یہاں تک کہ اسٹیو اسمتھ کو بھی اوپنر کے طور پر آزمایا گیا، لیکن آسٹریلیا کو ابھی تک اس پوزیشن پر مستقل کامیابی نہیں مل سکی۔ اب رینشا کو ایک اور موقع دیا گیا ہے کہ وہ ٹیم کے لیے اوپننگ پوزیشن کو مضبوط بنائیں۔

رینشا پر دباؤ ہوگا

رینشا کے لیے ٹیم میں واپسی آسان نہیں ہوگی۔ تین سال بعد ٹیسٹ ٹیم میں واپس آنے کے بعد ان سے اچھی کارکردگی کی توقع کی جا رہی ہے۔ ان کی واپسی ایسے وقت میں ہوئی ہے جب آسٹریلیا کو پہلے ٹیسٹ میں بنگلہ دیش کے خلاف حیران کن شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ اس لیے دوسرے ٹیسٹ میں ٹیم کی بیٹنگ پر خاص توجہ رہے گی۔

مارنس لبوشین کو ایک اور موقع

دوسری جانب آسٹریلیا کے تجربہ کار بلے باز مارنس لیبوشین کو دوسرے ٹیسٹ کے لیے ٹیم میں برقرار رکھا گیا ہے۔ لبوشین نے پہلے ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں 31 رنز بنائے تھے، لیکن ایک عرصے سے ان کی بڑی اننگز کا انتظار کیا جا رہا ہے۔ ان کی مسلسل معمولی کارکردگی آسٹریلوی ٹیم کے لیے تشویش کا باعث بنی ہوئی ہے۔ اس کے باوجود آسٹریلوی ہیڈ کوچ اینڈریو میکڈونلڈ نے لبوشین پر اعتماد برقرار رکھا ہے۔ میکڈونلڈ نے کہا کہ لبوشین دوسری اننگز میں آؤٹ ہونے سے پہلے اچھی بیٹنگ کر رہے تھے۔ ان کے مطابق لبوشین کی بیٹنگ میں کئی مثبت چیزیں نظر آئیں، لیکن آخرکار وہ صرف 31 رنز ہی بنا سکے۔ کوچ نے یہ بھی تسلیم کیا کہ لبوشین کی موجودہ کارکردگی ٹیم کی توقعات کے مطابق نہیں ہے اور انہیں اپنی کارکردگی بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔

آسٹریلیا کے اسکواڈ میں صرف ایک تبدیلی

بنگلہ دیش کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کے لیے آسٹریلیا نے مجموعی طور پر صرف ایک تبدیلی کی ہے۔ جیک ویدرالڈ کی جگہ میتھیو رینشا کو شامل کیا گیا ہے۔ جوش انگلیس اور اسکاٹ بولینڈ پہلے ٹیسٹ میں نہیں کھیلے تھے، لیکن وہ دوسرے ٹیسٹ کے لیے اسکواڈ میں موجود ہیں۔ جوش انگلیس متبادل وکٹ کیپر بلے باز جبکہ اسکاٹ بولینڈ تیز گیند بازی کے لیے اضافی آپشن ہیں۔

آسٹریلیا کا اسکواڈ

بنگلہ دیش کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کے لیے آسٹریلیا کی ٹیم میں پیٹ کمنز کپتان ہوں گے۔ اسکواڈ میں اسکاٹ بولینڈ،الیکس کیری، کیمرون گرین، جوش ہیزل ووڈ، ٹریوس ہیڈ، جوش انگلیس، مارنس لبوشین، نیتھن لائن ، میتھیو رینشا، اسٹیو اسمتھ اور مچل اسٹارک شامل ہیں۔

آسٹریلیا کے لیے دوسرا ٹیسٹ اہم

پہلے ٹیسٹ میں بنگلہ دیش نے آسٹریلیا کو 9 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں برتری حاصل کر لی ہے۔ اب آسٹریلیا کے پاس دوسرے ٹیسٹ میں واپسی کا موقع ہے۔ میتھیو رینشا کی واپسی اور جیک ویدرالڈ کو باہر کیے جانے کے بعد آسٹریلیا کی اوپننگ جوڑی پر سب کی نظریں ہوں گی۔ دوسری طرف مارنس لبوشین بھی اپنی کارکردگی بہتر بنانے کی کوشش کریں گے۔ سیریز کا دوسرا  اور آخری ٹیسٹ 22 اگست سے میکے میں شروع ہوگا، جہاں آسٹریلیا سیریز برابر کرنے جبکہ بنگلہ دیش سیریز اپنے نام کرنے کے ارادے سے میدان میں اترے گا۔