حیدرآباد کے جوبلی ہلز کے ایم ایل اے مگنتی گوپی ناتھ کا انتقال ہوگیا۔ وہ گزشتہ تین دنوں سے گچی باؤلی کے اے آئی جی اسپتال میں زیر علاج تھے اور آج صبح 5:45 بجے آخری سانس لی۔ اس بات کا انکشاف ہسپتال ذرائع نے کیا۔ انہیں دل کا دورہ پڑنے کی وجہ سے رواں ماہ کی 5 تاریخ کو اے آئی جی میں داخل کرایا گیاتھا۔اس مہینے کی 5 تاریخ کو گوپی ناتھ گھر پر انہیں اچانک دل کا دورہ پڑا۔ جس کے بعد انہیں گچی باؤلی اے آئی جی اسپتال پہنچایاگیا۔ وہ پچھلے کچھ عرصے سے گردے سے متعلق مسائل میں مبتلا تھے۔ اطلاعات کے مطابق انہیں 3 ماہ قبل اسی اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا اور ان کا ڈائیلاسز کرایا گیا تھا۔
سیاسی سفر کا آغاز :
مگنتی گوپی ناتھ نے 1983 میں ٹی ڈی پی میں شمولیت اختیار کرکے سیاست میں قدم رکھاتھا۔ انہوں نے 1985-1992 کے درمیان تلگو یوتھ کے ریاستی صدر کے طور پر خدمات انجام دیں۔ وہ کنزیومر فورم کے صدر اور 1988-1993 تک ٹی ڈی پی حیدرآباد کے ضلع صدر تھے۔ انہوں نے 1987 اور 1988 کے درمیان ہوڈا کے ڈائرکٹر کے طورپر بھی خدمات انجام دیں۔ تین بار ایم ایل اے کے طور پر جیتنے والے مگنتی گوپی ناتھ تینوں بار جوبلی ہلز سے ایم ایل اے کے طور پر منتخب ہوئے۔ انہوں نے 2014 کے اسمبلی انتخابات میں ٹی ڈی پی سے ایم ایل اے کی حیثیت سے کامیابی حاصل کی۔ 2018 میں ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کی اور ایم ایل اے بنے جبکہ 2023 میں دوبارہ بی آر ایس سے مقابلہ کیا اور جیت حاصل کی۔
سیاسی قائدین نے غم کا کیا اظہار:
بی آر ایس کے کئی اہم قائدین نے آج جوبلی ہلز کے رکن اسمبلی گوپی ناتھ کی قیامگاہ پہنچ کر ان کا آخری دیدار کیا اور انہیں خراج پیش کیا۔ راجیہ سبھا ایم پی اجئے کمار۔ سابق وزیر اور کارگزار صدر کے ٹی آر۔ ہریش راو۔ سبیتا اندرا ریڈی اور پدما راو گوڈ نے گوپی ناتھ کی رہائش پہنچ کر ان کا آخری دیدار کیا اور ان کے افراد خاندان کو پرسہ دیا۔ اس موقع پر ہریش راو نے کہاکہ بی آر ایس پارٹی آر ایک عوامی لیڈر سے محروم ہوگئی۔ ہریش راو نے کہاکہ گوپی ناتھ ہر وقت عوام اور پارٹی کی بھلائی کیلئے کام کرتے تھے۔ گوپی ناتھ کی بے وقت موت پر انہیں افسو ہے۔ سابق وزیر نے کہاکہ یہ بی آر ایس کا بڑا نقصان ہے کیونکہ گوپی ناتھ ہمیشہ عوام کے درمیان رہنے والے لیڈر تھے۔ سبیتا اندرا ریڈی نے کہاکہ انہیں گوپی ناتھ کے انتقال پر گہرا صدمہ پہنچاہے۔ وہ ہمیشہ عوامی مسائل کے حل کیلئے جدوجہد کرتے رہے ۔ سبیتا اندرا ریڈی نے کہاکہ میں اور پوری بی آر ایس پارٹی گوپی ناتھ کے افراد خاندان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔
وہیں کانگریس لیڈر ڈی ناگیندر نے بی آر ایس لیڈر اور جوبلی ہلز کے رکن اسمبلی ایم گوپی ناتھ کے انتقال پر گہرے افسوس کا اظہار کیا۔ ناگیندر نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہاکہ گوپی ناتھ کا انتقال ان کا اپنا ذاتی نقصان بھی ہے کیونکہ گوپی ناتھ ان کے اچھے دوست تھے۔ ناگیندر نے کہاکہ گوپی ناتھ کے انتقال سے وہ ایک اچھے ۔ ملنسار اور ہمدرد دوست سے محروم ہوگئے۔