کرکٹر رنکو سنگھ اور ایم پی پریا سروج نے لکھنؤ کے سینٹرم ہوٹل میں منگنی کی۔ تقریب میں کرکٹ اور سیاست سے تعلق رکھنے والی کئی اہم شخصیات نے شرکت کی۔ ان میں ایس پی سربراہ اکھلیش یادو، ڈمپل یادو، جیا بچن اور پروین کمار سمیت دیگر سیاسی رہنما شرکت کر رہے ہیں۔ رنکو اور پریا کی منگنی کی تصویر بھی سامنے آئی ہے۔ جس میں دونوں مسکراتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔تاہم منگنی کے بعد موصولہ رپورٹ کے مطابق کرکٹر رنکو سنگھ اور ایم پی پریا سروج 18 نومبر کو وارانسی کے ہوٹل تاج میں شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گے۔ جہاں شادی کی تقریب میں کئی سیاسی لیڈر سمیت کرکٹ دنیا کے علاوہ فلمی دنیا کے ستاروں کی شرکت بھی متوقع ہے۔
منگنی کی تقریب لکھنؤ کے فائیو اسٹار ہوٹل میں:
ایم پی پریا سروج اور ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے اسٹار کھلاڑی رنکو سنگھ کی منگنی کی تقریب لکھنؤ کے فائیو اسٹار ہوٹل سینٹرم کے فلکرن ہال میں منعقد کی جارہی ہے۔ اس پروگرام میں ایس پی سربراہ اکھلیش یادو اور ایس پی ایم پی ڈمپل یادو بھی پہنچے ہیں۔ اس کے ساتھ ایس پی ایم پی جیا بچن، راجیو رائے،رام گوپال یادو اور ضیاء الرحمن برک بھی پروگرام میں شرکت کے لیے پہنچ گئے ہیں۔وہیں اس منگنی کی تقریب میں سروج کے پرانے دوست کملیش یادو نے بھی شرکت کی ۔ پریا سروج کے دوست کملیش کا کہنا ہے کہ اس کے پریا کے خاندان کے ساتھ تقریباً 25 سال سے خاندانی تعلقات ہیں۔ پریا خوش قسمت ہیں کہ اتنی کم عمر میں وہ ایم پی ہے اور کرکٹر سے شادی کر رہی ہے۔
پریا سروج کون ہیں؟
پریا سروج اتر پردیش کے جونپور ضلع کے مچھلی شہر حلقے سے ایم پی ہیں۔ 2024 کے لوک سبھا انتخابات میں، انہوں نے سماج وادی پارٹی کے جانب سے بی پی سروج کو 35850 ووٹوں کے فرق سے شکست دے کر ایک بڑی کامیابی حاصل کی۔پریا پیشے سے ایک وکیل ہے ، اور سپریم کورٹ میں کام کیا ہے اور دہلی یونیورسٹی سے گریجویشن مکمل کرنے کے بعد ایمٹی یونیورسٹی، نوئیڈا سے قانون کی ڈگری حاصل کی ہے۔ پریا سروج کے والد کا نام طوفانی سروج ہے، جو مچلیشہر حلقہ سے رکن اسمبلی رہ چکے ہیں۔ فی الحال وہ کیراکٹ اسمبلی سیٹ سے ایم ایل اے ہیں۔
رنکو سنگھ کا کرکٹ کیریئر:
رنکو نے حال ہی میں انڈین پریمیئر لیگ 2025 میں KKR کے لیے کھیلا، جہاں ان کی ٹیم پلے آف کے لیے کوالیفائی کرنے میں ناکام رہی۔ رنکو نے اس سیزن میں 13 میچوں میں 29.42 کی اوسط اور 153.73 کے اسٹرائیک ریٹ سے 206 رنز بنائے۔ علی گڑھ کے رہنے والے رنکو سنگھ 2023 کے آئی پی ایل کے دوران اس وقت سرخیوں میں آئے جب انہوں نے گجرات ٹائٹنز کے خلاف میچ میں لگاتار پانچ چھکے لگائے۔ اس کے بعد اس نے دو ون ڈے اور 33 ٹی ٹوئنٹی میں ہندوستان کی نمائندگی کی ہے، جس میں تین نصف سنچریوں سمیت 601 رنز بنائے ہیں۔