Wednesday, June 24, 2026 | 07 محرم 1448
  • News
  • »
  • صحت
  • »
  • دانتوں کے علاج میں طبی ہنگامی صورتحال اور ادویات کا استعمال؟

دانتوں کے علاج میں طبی ہنگامی صورتحال اور ادویات کا استعمال؟

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Mohammed Imran Hussain | Last Updated: Jun 23, 2026 IST

دانتوں کے علاج میں طبی ہنگامی صورتحال اور ادویات کا استعمال؟
منصف ٹی وی کی جانب سے نشر کیے جانے والے خصوصی پروگرام "ہیلتھ اور ہم" میں اس بار "Medical Emergencies & Medications in Dentistry" کے اہم موضوع پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ پروگرام میں معروف ماہرِ دندان ساز ڈاکٹر ثمینہ علی نے دانتوں کے علاج کے دوران پیش آنے والی ہنگامی طبی صورتحال، ادویات کے درست استعمال اور مریضوں کے لیے ضروری احتیاطی تدابیر پر روشنی ڈالی۔
 
ڈاکٹرثمینہ علی نے بتایا کہ دانتوں کا علاج عام طور پر محفوظ عمل ہے، لیکن بعض اوقات مریض کی صحت، پہلے سے موجود بیماریوں یا علاج کے دوران پیدا ہونے والی پیچیدگیوں کے باعث ہنگامی حالات پیدا ہو سکتے ہیں۔ ایسی صورتحال میں ڈینٹسٹ کا فوری فیصلہ اور درست طبی اقدام مریض کی حفاظت کے لیے انتہائی اہم ہوتا ہے۔
 
انہوں نے کہا کہ دانتوں کے کلینک میں بلڈ پریشر کا اچانک بڑھ جانا، الرجی، بے ہوشی، سانس لینے میں دشواری، شوگر لیول میں کمی یا دیگر طبی مسائل سامنے آ سکتے ہیں۔ اس لیے ہر ڈینٹل کلینک میں ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے بنیادی طبی سہولیات اور تربیت یافتہ عملہ موجود ہونا چاہیے۔
 
ادویات کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر ثمینہ علی نے کہا کہ دانتوں کے علاج میں درد کم کرنے والی ادویات، اینٹی بایوٹکس اور دیگر دواؤں کا استعمال مریض کی حالت کے مطابق کیا جا تا ہے۔ خود سے دوائیں لینا یا ڈاکٹر کے مشورے کے بغیر اینٹی بایوٹکس استعمال کرنا صحت کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے۔
 
انہوں نے خاص طور پر ان مریضوں پر توجہ دینے کی ضرورت پر زور دیا جو دل کے امراض، ذیابطیس، بلڈ پریشر یا دیگر دائمی بیماریوں میں مبتلا ہوتے ہیں۔ ایسے مریضوں کو دانتوں کے علاج سے پہلے اپنے مکمل طبی ریکارڈ کے بارے میں ڈاکٹر کو آگاہ کرنا چاہیے تاکہ علاج محفوظ طریقے سے کیا جا سکے۔
 
پروگرام میں انہوں نے والدین کو بھی مشورہ دیا کہ بچوں کے دانتوں کے مسائل کو نظر انداز نہ کریں اور وقت پر ڈینٹل چیک اپ کروائیں۔ دانتوں کی صفائی، مناسب برشنگ اور روزمرہ کی احتیاطی تدابیر کئی بیماریوں سے بچا سکتی ہیں۔
 
"ہیلتھ اور ہم" کے ذریعے منصف ٹی وی صحت سے متعلق اہم موضوعات کو عوام تک پہنچا رہا ہے، تاکہ لوگ بیماریوں، علاج اور احتیاطی اقدامات کے بارے میں درست معلومات حاصل کر سکیں۔ پروگرام میں ماہرین کی گفتگو عام افراد کے لیے صحت مند زندگی کے حوالے سے مفید رہنمائی فراہم کرتی ہے۔ قارئین آپ ڈاکٹر ثمینہ علی کا مکمل انٹرویو یہاں دیکھ سکتےہیں۔