Thursday, June 19, 2025 | 23, 1446 ذو الحجة
  • News
  • »
  • قومی
  • »
  • ایران میں پھنسے ہندوستانیوں کو نکالنے کے لیے حکومت نے شروع کیا, آپریشن سندھو

ایران میں پھنسے ہندوستانیوں کو نکالنے کے لیے حکومت نے شروع کیا, آپریشن سندھو

Reported By: Munsif TV | Edited By: MD Shahbaz | Last Updated: Jun 19, 2025 IST     

image
اسرائیل اور ایران کے درمیان جاری جنگ کے پیش نظر ہندوستانی حکومت نے وہاں رہنے والے ہزاروں ہندوستانیوں کی بحفاظت واپسی کو یقینی بنانے کیلئے آپریشن سندھو شروع کیا ہے۔ ایران سے ہندوستان لائے جانے والے طلبہ کی پہلی کھیپ جمعرات کی صبح ہندوستان پہنچ گئی۔ پہلے بیچ میں 100 سے زائد طلباء شامل ہیں۔ وزارت خارجہ نے کہا کہ بیرون ملک مقیم ہندوستانی شہریوں کی حفاظت حکومت کی پہلی ترجیح ہے۔ ایران میں 4000 سے زیادہ ہندوستانی شہری رہ رہے ہیں اور ان میں سے نصف طلباء ہیں۔ 
 
شمالی ایران سے 110 طلباء کو بحفاظت آرمینیا لایا گیا۔ایران میں بگڑتی ہوئی صورتحال کے درمیان وہاں پھنسے 110 ہندوستانی شہریوں کو بحفاظت نکال کر ہندوستان لایا گیا۔ ان سبھی کو لے کر ایک خصوصی پرواز دہلی ایئرپورٹ پر اتری۔ ان میں سے ایک طالب علم یاسر غفار نے بتایا کہ ہم نے رات کے وقت میزائلوں کو سر کے اوپر سے اڑتے دیکھا اور زور دار دھماکوں کی آوازیں سنی۔ انہوں نے کہاکہ خوف کا ماحول تھا لیکن اب ہندوستان پہنچ کر ہمیں سکون ملا ہے۔ 
 
یاسر نے کہا کہ وہ ابھی تک اپنے خوابوں سے دستبردار نہیں ہوئے ہیں اور حالات بہتر ہونے پر واپس ایران جائیں گے۔ طلباء اور ان کے اہل خانہ نے حکومت کے اس اقدام پر اظہار تشکر کیا ہے۔ ایران اور اسرائیل کے درمیان مسلسل بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث ہندوستان اپنے شہریوں کو وہاں سے بحفاظت نکالنے میں مصروف ہے۔

ایران اور اسرائیل کے درمیان جنگ کا آج ساتواں دن:

ساتھ ہی آپ کو بتاتے چلیں کہ اسرائیل اور ایران کے درمیان جاری جنگ کا آج 7 واں دن ہے۔ جیسے جیسے دن گزر رہے ہیں دونوں ملکوں کے درمیان جنگ شدید ہوتی جا رہی ہے۔ بدھ کو اسرائیل نے تہران پر زبردست حملہ کیا۔ 50 سے زائد اسرائیلی لڑاکا طیاروں نے ایران کے دارالحکومت تہران پر شدید بمباری کی۔ اسرائیلی فضائیہ نے تہران اور قریبی کرج میں ایران کے جوہری مقام کو نشانہ بنایا۔ ان دونوں جوہری تنصیبات میں ایران یورینیم کی افزودگی میں استعمال ہونے والے سینٹری فیوجز بناتا ہے۔

جنگ میں اب تک ایران کے کتنے لوگ مارے گئے؟

اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ 25 لڑاکا طیاروں نے ایران کے مغربی شہر کرمانشاہ میں ایران کے 5 حملہ آور ہیلی کاپٹروں کو تباہ کردیا۔ اسرائیلی لڑاکا طیاروں نے ایران کے ان مقامات پر بھی حملہ کیا جہاں سے اسرائیل پر میزائل داغے جا رہے تھے۔ اسرائیلی حملوں میں اب تک 600 کے قریب ایرانی ہلاک اور 1300 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔