مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے ملک کی 21 این ڈی اے کے زیر اقتدار ریاستوں میں یکساں سول کوڈ (یو سی سی) کو نافذ کرنے کا اعلان کیا ہے۔اس اعلان کےساتھ ہی بہار میں حکمران اتحاد کے اندر اختلافات کھل کر سامنے آئے ہیں۔ جنتا دل یو نائیٹیڈ نے ریاست میں یکساں سول کوڈ کے نفاذ کی مخالفت کی ہے۔
بہار میں یوسی سی لاگو کرنے کی اجازت نہیں:شیام راجک
نتیش کمار کی قیادت والی جے ڈی (یو) نے پیر کو کہا کہ وہ یو سی سی کو بہار میں لاگو کرنے کی اجازت نہیں دے گی، حالانکہ پارٹی نے پارلیمنٹ میں بل کی حمایت کی تھی۔سابق ریاستی وزیر اور جے ڈی (یو) کے قومی جنرل سکریٹری شیام راجک نے کہا، "جب یو سی سی کو پارلیمنٹ میں پیش کیا جا رہا تھا، ہم نے اس کی حمایت کی تھی، لیکن ہمارے لیڈر نتیش کمار نے واضح کر دیا تھا کہ اسے بہار میں لاگو نہیں کیا جائے گا۔"انہوں نے کہا کہ پارٹی اس معاملے پر نتیش کمار کے موقف پر قائم ہے۔پھولواری شریف کے ایم ایل اے راجک نے کہا کہ بی جے پی لیڈر سمراٹ چودھری کے وزیر اعلیٰ بنائےجانے کے باوجود بہار حکومت اتحاد کے ذریعے چلائی جا رہی ہے۔انہوں نے میڈیا کو بتایا، ’’ہم ریاست میں یو سی سی کو لاگو نہیں ہونے دیں گے۔
ہندوستان عوامی مورچہ کا موقف
ہندوستان عوامی مورچہ (HAM) کے صدر اور بہار کے وزیر سنتوش کمار سمن نے تاہم کہا کہ UCC کو اتحاد میں شامل تمام اتحادیوں کے ساتھ مشاورت کے بعد ہی لاگو کیا جانا چاہئے۔ HAM بہار اور مرکز دونوں میں این ڈی اے کی اتحادی ہے۔
چراغ پاسوان کا کوئی رد عمل نہیں
چراغ پاسوان کی زیرقیادت لوک جن شکتی پارٹی (رام ولاس) نے ابھی تک تمام NDA زیر اقتدار ریاستوں میں UCC کو لاگو کرنے کے لیےامت شاہ کے نئے سرے سے دباؤ پر کوئی رد عمل ظاہر نہیں کیا ہے۔
ممبئی میں امت شاہ نے کیا تھا اعلان
امت شاہ نے یہ اعلان ممبئی میں بی جے پی کے 'سیوا سنکلپ ابھیان' پر ایک پریس کانفرنس میں کیا، جو کہ گزشتہ 12 سالوں میں این ڈی اے حکومت کی کامیابیوں اور وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں بی جے پی کے 25 سالہ سفر کو اجاگر کرنے والی ایک پہل ہے۔
بی جےپی اپنے سیاسی ایجنڈے پر عمل پیرا
اپوزیشن راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) نے بھی اس اقدام کی تنقید کی۔ آر جے ڈی لیڈر تیجسوی پرساد یادو نے پہلے الزام لگایا تھا کہ بی جے پی اپنے سیاسی ایجنڈے پر عمل پیرا ہے اور آئینی حقوق کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہی ہے۔
این ڈی اے اتحادیوں سے آر جے ڈی کی مانگ
آر جے ڈی کے ترجمان اعز ازاحمد نے کہا کہ جے ڈی (یو)، ایل جے پی (آر وی)، ایچ اے ایم اور اپیندر کشواہا کی راشٹریہ لوک مورچہ (آر ایل ایم) کو یہ واضح کرنا چاہئے کہ آیا وہ بی جے پی کے سیاسی ایجنڈے کی حمایت کرتے ہیں یا بی آر امبیڈکر کے وضع کردہ آئینی نظام کی حمایت کرتے ہیں، جو تمام مذاہب کے لوگوں کو مساوی حقوق فراہم کرتا ہے۔