Thursday, May 28, 2026 | 10 ذو الحجة 1447
  • News
  • »
  • سیاست
  • »
  • کرناٹک کی سیاست میں ہلچل:سی ایم سدارامیا نے استعفیٰ کا کیااعلان

کرناٹک کی سیاست میں ہلچل:سی ایم سدارامیا نے استعفیٰ کا کیااعلان

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: sahjad mia | Last Updated: May 28, 2026 IST

کرناٹک کی سیاست میں ہلچل:سی ایم سدارامیا نے استعفیٰ  کا کیااعلان
کرناٹک کانگریس میں طویل عرصے سے اقتدار کی تبدیلی کو لے کر چل رہی بحث پر بالآخر مہر لگ گئی ہے۔ وزیر اعلیٰ سدارامیا نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دینے کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔ جمعرات کی صبح وزیر اعلیٰ کی رہائش گاہ پر منعقدہ ایک خصوصی 'بریک فاسٹ میٹنگ' کے دوران ایک یادگار تصویر بھی سامنے آئی ہے، جس میں نائب وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوکمار، سی ایم سدارامیا کے پیر چھو کر ان کا آشیرواد (دعا) لیتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔
 
وزیر اعلیٰ سدارامیا کی جانب سے بلائی گئی اس اہم ترین میٹنگ میں کانگریس حکومت کے وزراء اور اعلیٰ قائدین کی ایک بڑی تعداد سی ایم ہاؤس پہنچی، جس کے بعد ریاست کے سیاسی حلقوں میں ہلچل مچ گئی۔
 
کانگریس صدر کے بیٹے پریانک کھرگے سمیت کئی اہم وزراء کی آمد:
 
کرناٹک کانگریس کے اندر پچھلے کئی مہینوں سے قیادت کی تبدیلی کی  قیاس آرائیاں جاری تھیں، لیکن جمعرات کی صبح کی سرگرمیوں نے ان افواہوں کو حقیقت میں بدل دیا۔ وزیر اعلیٰ کی رہائش گاہ پر پہنچنے والے اہم ترین رہنماؤں میں پریانک کھرگے (کانگریس کے قومی صدر ملکارجن کھرگے کے بیٹے)،کے جے جارج، ایم بی پاٹل،رام لنگا ریڈی اور ایچ کے پاٹل شامل تھے۔
 
اس ہائی پروفائل میٹنگ کے پیشِ نظر وزیر اعلیٰ ہاؤس کے باہر عام دنوں کے مقابلے سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات دیکھے گئے۔ پارٹی کے دو قریبی ممبرانِ اسمبلی نے پہلے ہی اشارہ دے دیا تھا کہ سدارامیا اپنا عہدہ چھوڑ سکتے ہیں اور پارٹی ہائی کمان ریاست کے لیے ایک نئے فارمولے پر غور کر رہی ہے۔
 
ڈی کے شیوکمار بن سکتے ہیں نئے وزیر اعلیٰ؛ متبادل فارمولوں پر بھی غور
 
نائب وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوکمار کے وزیر اعلیٰ ہاؤس پہنچنے کے بعد ہی یہ تقریباً صاف ہو گیا تھا کہ اگلی کمان ان کے ہاتھوں میں جا سکتی ہے۔ سیاسی مبصرین کا ماننا ہے کہ اگر قیادت کی مکمل تبدیلی ہوتی ہے تو شیوکمار ریاست کے نئے وزیر اعلیٰ ہوں گے۔
 
دوسری طرف، ذرائع کا کہنا ہے کہ پارٹی کے اندرونی دھڑوں کو مطمئن اور متوازن رکھنے کے لیے ہائی کمان مستعدد نائب وزرائے اعلیٰ کا فارمولا بھی اپنا سکتی ہے۔ کانگریس صدر ملکارجن کھرگے اور راہول گاندھی کے ساتھ حالیہ دنوں میں ہوئی میٹنگوں کے بعد ہی اس بڑی تبدیلی کا خاکہ تیار کیا گیا تھا۔
 
سدارامیا راجیہ سبھا جائیں گے، بیٹے کو کابینہ میں جگہ ملنے کا امکان
 
ذرائع کے مطابق کانگریس ہائی کمان ایک ایسے جامع فارمولے پر کام کر رہی ہے جس کے تحت،سبکدوش ہونے والے وزیر اعلیٰ سدارامیا کو مرکز کی سیاست میں لانے کے لیے راجیہ سبھا بھیجا جا سکتا ہے۔ واضح رہے کہ جون کے مہینے میں کرناٹک کی چار راجیہ سبھا سیٹوں پر انتخابات ہونے والے ہیں، جہاں کانگریس کی جیت یقینی مانی جا رہی ہے۔
 
دوسری جانب سدارامیا کے بیٹے یتیندر سدارامیا کو کرناٹک کی ریاستی کابینہ میں اہم وزارت دی جا سکتی ہے۔وزیر اعلیٰ کے قانونی مشیر اے ایس پوننا نے بھی اس سیاسی تبدیلی کی تصدیق کرتے ہوئے اشارہ دیا کہ کچھ بڑے بدلاؤ طے پا چکے ہیں، تاہم حتمی شکل کس طرح کی ہوگی، اس کے لیے پارٹی کے باضابطہ اور معلوماتی بیان کا انتظار کرنا ہوگا۔