صدرجمہوریہ ہند محترمہ دْروپدی مرمو نے منگل کی شام (27 مئی 2025) راشٹرپتی بھون میں منعقدہ سول انویسٹیچرتقریب-II میں سال 2025 کے لیے پدم وبھوشن، پدم بھوشن اور پدم شری ایوارڈ پیش کیے۔ ایوارڈ یافتہ گان میں مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی (مانو) کے وائس چانسلر، پروفیسرسیدعین الحسن کو ان کی شاندارعلمی وادبی خدمات کے اعتراف میں پدم شری ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔ یہ ایوارڈ ادب اور تعلیم کے میدان میں ان کی غیرمعمولی خدمات کا اعتراف ہے، جو نہ صرف ان کی ذاتی کامیابی ہے بلکہ پوری مانو برادری کے لیے باعث فخر ہے۔
پروفیسرعین الحسن نے اردو زبان و ادب کے فروغ کے لیے اپنی زندگی وقف کر دی ہے۔ ان کی قیادت میں مانو نے تعلیمی اور ادبی میدان میں نئی بلندیوں کو چھوا ہے۔ ان کے اس اعزاز پر مانو کے اساتذہ، طلبہ، اور انجمن طلبہ قدیم مانو نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے پروفیسر سید عین الحسن مبارکباد پیش کی ہے۔ انجمن طلبہ قدیم مانو نے اپنے تہنیتی پیغام میں کہا کہ یہ ایوارڈ نہ صرف پروفیسر عین الحسن صاحب کی خدمات کا اعتراف ہے بلکہ پوری اردو برادری کے لیے فخر کا لمحہ ہے۔یہ اعزاز پروفیسر عین الحسن کی علم دوستی، اردو زبان کی ترقی، اور تعلیم کے میدان میں ان کے گراں قدر کردار کا روشن ثبوت ہے۔ اس موقع پر موجود معززین میں ہندوستان کے نائب صدر، ہندوستان کے وزیر اعظم اور مرکزی وزیر داخلہ شامل تھے۔
پروفیسرعین الحسن کی علمی خدمات پر ایک نظر
پروفیسر عین الحسن، فارسی و مطالعاتِ وسطی ایشیائی علوم کے پروفیسر کی حیثیت سے جواہرلال نہرو یونیورسٹی، نئی دہلی میں خدمات انجام دی۔ ممتاز فارسی اسکالر پروفیسر سید عین الحسن، کو صدر جمہوریہ ہند نے اردو یونیورسٹی کے وزیٹر کی حیثیت سے پانچ سال کی مدت کے لئے یونیورسٹی کا پانچواں وائس چانسلر مقرر کیا۔ اس سے قبل وہ ڈین، اسکول آف لینگویج، لٹریچر اینڈ کلچر اسٹڈیز، جے این یو کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔ وہ آل انڈیا پرشین اسکالرس ایسوسی ایشن کے صدر بھی ہیں۔ ان کا تدریسی تجربہ زائد از 34 سال ہے اور انہوں نے 87 اسکالرس کی رہنمائی کی ہے۔وہ فل برائٹ فیلوشپ کے تحت رٹجر اسٹیٹ یونیورسٹی، نیو جرسی، امریکہ میں وزیٹنگ پروفیسر کی حیثیت سے خدمات انجام دیتے رہے ہیں۔ انہوں نے 13 کتابیں تحریر کی ہیں۔ وہ ہند -ایران، ہند- عرب تعلقات اور تقابلی ادب و ثقافت کے شعبے کے ماہر ہیں۔