تلنگانہ کے گورنر شیو پرتاپ شکلا نے تعلیم، صحت، شہری ترقی اور سماجی بہبود کے شعبوں میں آغا خان ڈیولپمنٹ نیٹ ورک کے ساتھ تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا ہے۔ یہ بات انہوں نے نزاری اسماعیلی مسلمانوں کے 50ویں موروثی امام شہزادہ رحیم آغا خان پنجم سے ملاقات کے دوران کہی۔شہزادہ رحیم آغا خان پنجم نے حیدرآباد کے لوک بھون میں گورنر شیو پرتاپ شکلا سے ملاقات کی۔ آغا خان پنجم نے نائب صدرِ جمہوریہ سی پی رادھا کرشنن کی دعوت پر 9 ستمبر کو اپنے ہندوستان کے دورے کا آغاز کیا تھا۔ تلنگانہ آمد پر گورنر نے ان کا خیرمقدم کیا اور ملاقات کے دوران مختلف اہم امور پر تبادلہ خیال کیا۔
گورنر شیو پرتاپ شکلا نے آغا خان پنجم سے ملاقات کے دوران ان کے والد اور آغا خان چہارم کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے ہندوستان کے لیے آغا خان چہارم کی خدمات اور آغا خان ڈیولپمنٹ نیٹ ورک کے مختلف فلاحی و ترقیاتی منصوبوں کو بھی سراہا۔ لوک بھون کی جانب سے جاری بیان کے مطابق گورنر نے کہا کہ آغا خان چہارم کو ہندوستان میں انتہائی عزت اور احترام کی نظر سے دیکھا جاتا تھا۔ انہیں 2015 میں ہندوستان کے دوسرے اعلیٰ ترین شہری اعزاز پدم وبھوشن سے بھی نوازا گیا تھا۔شکلا نے تعلیم، صحت اور سماجی شعبے سمیت مختلف شعبوں میں آغا خان ڈیولپمنٹ نیٹ ورک کی خدمات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ میں ان شعبوں میں تعاون کو مزید آگے بڑھایا جا سکتا ہے۔
ملاقات کے دوران گورنر نے حیدرآباد اور آغا خان ٹرسٹ فار کلچر کے درمیان دیرینہ تعلق کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے شہر میں تاریخی ورثے کے تحفظ اور بحالی کے لیے ٹرسٹ کی جانب سے کیے گئے کاموں کو اہم قرار دیا۔ گورنر نے جولائی 2024 میں بحال کیے گئے قطب شاہی کمپلیکس کے افتتاح کے موقع پر آغا خان پنجم کے حیدرآباد دورے کا بھی حوالہ دیا۔ اس دوران تاریخی عمارتوں اور ثقافتی ورثے کے تحفظ کے حوالے سے آغا خان ٹرسٹ فار کلچر کے کردار کو اجاگر کیا گیا۔ملاقات میں تلنگانہ میں مستقبل کے ترقیاتی اور فلاحی منصوبوں کے لیے آغا خان ڈیولپمنٹ نیٹ ورک کے ساتھ تعاون کے امکانات پر بھی زور دیا گیا۔