Friday, May 30, 2025 | 03, 1446 ذو الحجة
  • News
  • »
  • علاقائی
  • »
  • بی آر ایس کو بی جے پی میں ضم کرنے کی کوششیں ۔ کے سی آر کی دخترکویتا کا سنگین الزام

بی آر ایس کو بی جے پی میں ضم کرنے کی کوششیں ۔ کے سی آر کی دخترکویتا کا سنگین الزام

Reported By: Munsif TV | Edited By: Mohammed Imran Hussain | Last Updated: May 29, 2025 IST     

image
 بھارتیہ راشٹرسمیتی (بی آرایس) کی سینئرلیڈراوررکن تلنگانہ قانون سازکونسل کویتا نےحالیہ دنوں پارٹی صدر کےسی آر،کو ایک مکتوب تحریر کرکے ریاست کی سیاست میں ہلچل مچادی تھی ۔ انھوں نے ایک اور سنسنی خیز ریمارک کیا ہے۔ کویتا نے الزام عائد کیا کہ کچھ حلقے بی آرایس کو بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) میں ضم کرنے کی کوششیں کر رہے ہیں، جواور یہ کوششیں اب تک ناکام رہی ہیں۔
 
پارٹی کی قیادت صرف کےسی آر کےہاتھ میں ہونی چاہیے
 
کویتا نے دوٹوک موقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ وہ صرف کےسی آر کی قیادت تسلیم کرتی ہیں اور پارٹی میں کسی دوسرے کی سربراہی قبول نہیں کریں گی۔ انہوں نے الزام لگایا کہ 2019 کے لوک سبھا انتخابات میں ان کی شکست کے پیچھے بھی پارٹی کے کچھ  لیڈر ملوث تھے، جو اب انہیں کے سی آر سے دور کرنے کی سازشیں کر رہے ہیں۔
 
جیل جانا قبول،لیکن بی جے پی میں انضمام نہیں
 
ایم ایل سی کویتا نے دعویٰ کیا کہ دہلی کی آبکاری پالیسی معاملے میں جب وہ جیل میں تھیں، تب بھی بی آرایس کو بی جے پی میں ضم کرنے کی کوشش کی گئی تھی، لیکن انہوں نے ایسی کسی پیشکش کو ٹھکرا دیا۔ کویتا کا کہنا تھا کہ وہ جیل میں مزید وقت گزارنے کو تیار تھیں، لیکن پارٹی کے بی جے پی میں انضمام کو کسی صورت منظور نہ کریں گی۔
 
پارٹی اجلاس اور خط کا حوالہ
 
کویتا نے اپنے خط میں 27 اپریل کو ورنگل میں ہونے والی پارٹی کی سلور جوبلی ریلی کا بھی حوالہ دیا۔ انہوں نے کے سی آر کی محض دو منٹ کی تقریر پر سوال اٹھایا اور کہا کہ اس موقع پر بی جے پی کے خلاف سخت موقف اختیار کیا جانا چاہیے تھا۔ اپنے خط میں انہوں نے کے سی آر کو ’بھگوان‘ قرار دیتے ہوئے الزام لگایا کہ وہ کچھ ’شیطان صفت‘ افراد کے نرغے گھیرے میں ہیں، جو پارٹی کے اندر سازشیں کر رہے ہیں۔
 
سیاسی مبصرین کی نگاہیں
 
تلنگانہ کی سیاست میں اس بیان کے بعد ہلچل مچ گئی ہے اور سیاسی مبصرین اس پیشرفت پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔ بی آرایس اور کے سی آر کی جانب سے اس حوالے سے تاحال کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔