Friday, September 11, 2026 | 27 ربيع الأول 1448
  • News
  • »
  • کھیل/تفریح
  • »
  • وینیش پھوگاٹ کو بڑا جھٹکا، ٹرائلز میں شرکت کی درخواست مسترد

وینیش پھوگاٹ کو بڑا جھٹکا، ٹرائلز میں شرکت کی درخواست مسترد

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Afreen Begum | Last Updated: Sep 11, 2026 IST

وینیش پھوگاٹ کو بڑا جھٹکا، ٹرائلز میں شرکت کی درخواست مسترد
دہلی ہائی کورٹ نے پہلوان وینیش پھوگاٹ کی ورلڈ چیمپئن شپ 2026 کے سلیکشن ٹرائلز میں شرکت کی درخواست مسترد کردی ہے۔ عدالت نے کہا کہ ریسلنگ فیڈریشن آف انڈیا (WFI) کی جانب سے مقرر کیے گئے اہلیت کے اصول تمام کھلاڑیوں پر یکساں طور پر لاگو ہوتے ہیں۔ جسٹس سورنا کانتا شرما نے جمعرات کی رات وینیش پھوگاٹ کی عبوری راحت کی درخواست مسترد کردی۔ عدالت نے کہا کہ جب تک 'WFI 'کے مقرر کردہ اہلیت کے اصولوں کی قانونی حیثیت پر فیصلہ نہیں ہوتا، کسی ایک کھلاڑی کو ان اصولوں میں خصوصی رعایت نہیں دی جا سکتی۔

 7 ستمبر کے سرکلر کے تحت اہلیت ضروری

عدالت نے کہا کہ 7 ستمبر 2026 کو جاری کیا گیا اہلیت کا سرکلر تمام کھلاڑیوں کے لیے یکساں ہے۔ اس کے تحت مخصوص مقابلوں میں شرکت کرنا ضروری ہے۔ جو کھلاڑی ان مقابلوں میں حصہ نہیں لے سکا، وہ' WFI 'کے مقرر کردہ اہلیت کے زمروں میں شامل نہیں ہوگا۔

' WFI' کے نئے اصول کے خلاف عدالت سے رجوع

'WFI' نے اولمپک کے چھ ویٹ کلاسز کے لیے سلیکشن ٹرائلز میں شرکت کے لیے نئے اہلیتی اصول بنائے ہیں۔ ان اصولوں کے تحت مخصوص مقابلوں کے میڈل جیتنے والے کھلاڑی، قومی کوچنگ کیمپ میں شامل پہلوان اور 2026 کی انڈر 20 ورلڈ چیمپئن شپ کے لیے منتخب کھلاڑی ٹرائلز میں حصہ لے سکتے ہیں۔ وینیش پھوگاٹ نے عدالت میں کہا کہ وہ حمل، بچے کی پیدائش اور اس کے بعد صحت یابی کی وجہ سے کئی اہم مقابلوں میں حصہ نہیں لے سکیں۔ اس وجہ سے نئے اصولوں کے تحت ان کے لیے ٹرائلز میں شرکت کا راستہ بند ہوگیا ہے۔

 وینیش پھوگاٹ نے واپسی کی کوشش کی

وینیش پھوگاٹ جولائی 2025 میں ماں بنی تھیں۔ اس کے بعد انہوں نے دوبارہ تربیت شروع کی اور مقابلوں میں واپسی کی۔ انہوں نے 30 مئی کو ایشین گیمز کے سلیکشن ٹرائلز میں بھی حصہ لیا تھا۔ وہ 53 کلوگرام زمرے میں کھیلی تھیں۔ انہوں نے کوارٹر فائنل جیت کر سیمی فائنل میں جگہ بنائی، لیکن سیمی فائنل میں میناکشی گویت سے شکست ہوگئی۔

 پھوگاٹ براہِ راست انتخاب نہیں چاہتیں

وینیش پھوگاٹ کی درخواست کا مقصد ورلڈ چیمپئن شپ کے لیے ہندوستانی ٹیم میں براہِ راست جگہ حاصل کرنا نہیں تھا۔ وہ صرف سلیکشن ٹرائلز میں حصہ لینے کی اجازت چاہتی تھیں تاکہ اپنی کارکردگی کی بنیاد پر انتخاب کا موقع حاصل کرسکیں۔ عدالت نے کہا کہ زچگی اور اس سے جڑے حالات 'WFI' کی پالیسی کو قانونی طور پر چیلنج کرنے میں اہم ہوسکتے ہیں، لیکن صرف وینیش پھوگاٹ کو عارضی طور پر ان اصولوں سے مستثنیٰ نہیں کیا جا سکتا۔ عدالت نے یہ بھی کہا کہ اگر پالیسی پر فیصلہ کیے بغیر صرف وینیش پھوگاٹ کو خصوصی رعایت دی جاتی ہے تو ان کھلاڑیوں کے ساتھ ناانصافی ہوسکتی ہے جو اسی طرح کے حالات میں ہیں لیکن عدالت سے رجوع نہیں کر سکے۔