Thursday, June 11, 2026 | 24 ذو الحجة 1447
  • News
  • »
  • صحت
  • »
  • نوجوانوں میں بڑھتا ہوا فیٹی لیور: کیا ہیں ابتدائی علامات اور بچاؤ کے طریقے؟

نوجوانوں میں بڑھتا ہوا فیٹی لیور: کیا ہیں ابتدائی علامات اور بچاؤ کے طریقے؟

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Mohammed Imran Hussain | Last Updated: Jun 11, 2026 IST

نوجوانوں میں بڑھتا ہوا فیٹی لیور: کیا ہیں ابتدائی علامات اور بچاؤ کے طریقے؟
منصف ٹی وی کے خصوصی پروگرام "ہیلتھ اور ہم" میں آج نوجوانوں میں تیزی سے بڑھتے ہوئے ایک اہم طبی مسئلے 
"Fatty Liver in Young India: Early Signs, Prevention & Expert Advice" 
پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ پروگرام میں ڈاکٹر آنند ساگر، سینئر کنسلٹنٹ، لیور ٹرانسپلانٹ اینڈ ایچ بی پی سرجن، کیئر ہاسپٹلز، بنجارہ ہلز، حیدرآباد نے فیٹی لیور کی وجوہات، علامات، خطرات اور بچاؤ کے طریقوں پر اہم معلومات فراہم کیں۔
 
ڈاکٹرآنند ساگر نے بتایا کہ پہلے فیٹی لیور کو عموماً عمر رسیدہ افراد کا مسئلہ سمجھا جاتا تھا، لیکن اب نوجوانوں میں بھی اس کے کیسز تیزی سے سامنے آ رہے ہیں۔ طرز زندگی میں تبدیلی، غیر متوازن غذا، ورزش کی کمی، موٹاپا، زیادہ کیلوریز والی غذاؤں کا استعمال اور مسلسل ذہنی دباؤ اس کی بڑی وجوہات میں شامل ہیں۔
 
انہوں نے کہا کہ فیٹی لیور کی سب سے بڑی مشکل یہ ہے کہ ابتدائی مرحلے میں اکثر مریضوں کو کوئی واضح علامت محسوس نہیں ہوتی۔ کئی افراد کو اس بیماری کا علم اتفاقاً الٹراساؤنڈ یا خون کے ٹیسٹ کے دوران ہوتا ہے۔ تاہم کچھ لوگوں میں تھکن، کمزوری، پیٹ کے دائیں حصے میں ہلکا درد، وزن میں اضافہ یا ہاضمے کے مسائل جیسی علامات ظاہر ہو سکتی ہیں۔
 
ماہرین کے مطابق اگر فیٹی لیور کا بروقت علاج نہ کیا جائے تو یہ آگے چل کر
 NASH (Non-Alcoholic Steatohepatitis)،
 جگر میں سوزش، فائبروسس، سروسس اور بعض سنگین صورتوں میں جگر کے کینسر کا سبب بھی بن سکتا ہے۔
 
پروگرام میں ڈاکٹر آنند ساگر نے نوجوانوں کو مشورہ دیا کہ وہ اپنی روزمرہ زندگی میں صحت مند عادات شامل کریں۔ متوازن غذا، باقاعدہ ورزش، وزن کو قابو میں رکھنا، میٹھے مشروبات اور فاسٹ فوڈ سے پرہیز اور مناسب نیند جگر کو صحت مند رکھنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔
 
انہوں نے مزید کہا کہ فیٹی لیور ایک ایسی حالت ہے جسے ابتدائی مرحلے میں طرز زندگی میں تبدیلی کے ذریعے بہتر کیا جا سکتا ہے۔ باقاعدہ طبی معائنہ اور وقت پر تشخیص سے جگر کو بڑے نقصان سے بچایا جا سکتا ہے۔
 
ہیلتھ اور ہم جیسے پروگراموں کا مقصد عوام میں صحت سے متعلق شعور بیدار کرنا اور عام بیماریوں کے بارے میں درست معلومات فراہم کرنا ہے تاکہ لوگ بروقت احتیاطی اقدامات کر سکیں۔
 
 قارئین آپ ڈاکٹر آنند ساگر کی مکمل بات چیت اس ویڈیو میں دیکھ سکتےہیں۔