Sunday, May 31, 2026 | 13 ذو الحجة 1447
  • News
  • »
  • قومی
  • »
  • غازی آباد :سوریا قتل معاملہ میں ملزم اسد پولس انکاؤنٹر میں ہلاک

غازی آباد :سوریا قتل معاملہ میں ملزم اسد پولس انکاؤنٹر میں ہلاک

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: sahjad mia | Last Updated: May 31, 2026 IST

غازی آباد :سوریا قتل معاملہ  میں ملزم اسد پولس انکاؤنٹر میں ہلاک
اتر پردیش کے غازی آباد میں عیدالاضحیٰ کے دن باہمی رنجش کے باعث سوریا نامی نوجوان کا قتل کر دیا گیا۔ اس قتل کے معاملے میں مسلم برادری سے تعلق رکھنے والے پانچ نوجوان شامل تھے۔ ہندو تنظیموں کی جانب سے اس قتل کے واقعے کو فرقہ وارانہ رنگ دینے کی کوشش کی گئی اور غازی آباد میں ہونے والے اس قتل کو لے کر متنازع دعوے کیے گئے۔ اب خبر موصول ہوئی ہے کہ پولس نے سوریا قتل کیس کے اہم ملزم اسد کو ایک مبینہ انکاؤنٹر میں ہلاک کر دیا ہے۔
 
سوریا کے اہل خانہ اور ہندو تنظیموں کے ارکان مسلسل ملزمان کے خلاف بلڈوزر اور انکاؤنٹر کی کاروائی کا مطالبہ کر رہے تھے۔ تاہم اب پولس نے سوریا قتل کیس کے اہم ملزم اسد کو ایک مبینہ انکاؤنٹر میں مار گرایا ہے۔ ڈی سی پی (DCP) دھول جائسوال کے مطابق، سوریا قتل کیس کا اہم ملزم اسد مفرور تھا۔ انہوں نے بتایا کہ پولس ٹیم نے ملزم اسد پر 50,000 روپے کا انعام بھی مقرر کر رکھا تھا۔ آج پولس ٹیم کو اطلاع ملی کہ اسد اپنے کچھ دوستوں سے ملنے کے لیے کھوڑا پولس اسٹیشن کے علاقے میں آ رہا ہے، جہاں وہ ان سے پیسے لے کر فرار ہونے کی فراق میں تھا۔
 
کھوڑا اور اندرا پورم پولس نے ایک مشترکہ مہم چلائی، جس کے دوران ایک کانسٹیبل زخمی ہو گیا۔ پولس نے اسد کی جانب سے فائرنگ کے لیے استعمال کی گئی پستول اور ایک بائیک برآمد کر لی ہے۔ تاہم، اس انکاؤنٹر کو لے کر اب سوالات اٹھنے لگے ہیں۔ سوشل میڈیا پر لوگوں کا کہنا ہے کہ یہ پولس کی جانب سے انکاؤنٹر کو لے کر تیار کی گئی ایک پہلے سے طے شدہ اسکرپٹ ہے۔
 
سوریا قتل کیس کے حوالے سے ڈی سی پی دھول جائسوال نے بتایا کہ متاثرہ خاندان کی جانب سے دی گئی تحریری شکایت کی بنیاد پر کھوڑا پولس اسٹیشن میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ اس معاملے میں پانچ افراد کو ملزم نامزد کیا گیا تھا، جن میں سے پولس نے فوری طور پر تین ملزمان کو گرفتار کر لیا تھا۔